ممبئی (مشرق نیوز) معروف بھارتی اداکارہ اور بی جے پی رہنما کنگنا رناوت نے گائے کا گوشت کھانے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہندو ہونے پر فخر ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں مہاراشٹرا اسمبلی کے کانگریس اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کنگنا رناوت گائے کا گوشت کھاتی ہیں اور اس کے باوجود بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) نے انہیں الیکشن لڑنے کیلئے ٹکٹ جاری کردیا۔ کانگریس لیڈر کے اس بیان کے بعد کنگنا رناوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ میں گائے کا گوشت یا کسی اور قسم کا سرخ گوشت نہیں کھاتی، یہ انتہائی شرمناک ہے کہ میرے بارے میں بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ کنگنا رناوت نے کہا کہ اس طرح کے بیان دے کر میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اب ایسے ہتھکنڈے کام نہیں آئیں گے کیونکہ میرے چاہنے والے مجھے اچھی طرح جانتے ہیں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے مداح جانتے ہیں کہ میں ایک قابل فخر ہندو ہوں اور اس طرح کی افواہیں ا±نہیں کبھی گمراہ نہیں کر سکتیں۔
ہندو ہونے پر فخر ہے کبھی گائے کا گوشت نہیں کھایا: کنگنا رناوت
















