میرٹ پر ملازمین کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی میری پالیسی کا اہم جزو ہے:آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجا ب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ امورمیں میرٹ کے مطابق ملازمین کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی میری پالیسی کا اہم جزو ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دوران سروس انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں، ڈسپلن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ ہر درخواست پر فوری کاروائی کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف سے قریبی رابطہ رکھیں اور انکے مسائل کے ازالے کیلئے ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹر ل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اورا نکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر ویلفیئر برانچ میں کمپن سیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور سمیت مختلف اضلاع سے بھجوائے گئے کیسز کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ملازمین کو علاج معالجے کیلئے ریلیف فراہم کیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مزید 08 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کر دئیے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرپنجاب پولیس کی دھاتی ڈور و پتنگ بازی کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے جس کے تسلسل میں شہریوں کی حفاظت کی مہم کے دوران پنجاب پولیس نے گذشتہ روز 15 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں میں سیفٹی وائر تقسیم کئے، ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدکہاکہ سیفٹی وائر لگانے کی مہم کے دوران اب تک 01 لاکھ 10 ہزار سے زائد موٹر سائیکلز پر حفاظتی وائر گارڈز لگائے جا چکے ہیں، آپریشنز ونگ پولیس نے 76 ہزار سے زائد، ٹریفک پولیس نے 31 ہزار سیفٹی وائر موٹر سائیکل سواروں میں تقسیم کئے ہیں۔
















