موٹر سائیکل پر حفاظتی انٹینا لگانے کی مہم تیز کی جائے: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ”تحفظ دہلیز تک“ کے سلوگن سے ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنز کا آغاز کیا جا رہا ہے، اپ گریڈ وویمن سیفٹی ایپ، پنجاب پولیس سیفٹی ایپ، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے پولیس کی مدد اور رسائی حاصل کر پائیں گی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنز فرنٹ ڈیسک کے طور پر کام کریں گے، خواتین کو دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس افسران آج سے شروع ہونے والے بورڈ امتحانات کے دوران امتحانی مراکز کی بھرپور چیکنگ کریں، امتحانات کے دوران نقل کا تدارک ہرصورت یقینی بنائیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے حفاظتی انٹینا لگانے کی مہم تیز کی جائے، پتنگ اور ڈور کی تیاری، آن لائن فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءآئی پنجاب کی ہدایت پر پتنگ بازوں اور دھاتی ڈور کے خلاف پولیس کی ترجیحی کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت انسدادی کاروائیوں کی تفصیلات جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں قانون شکنوں کے خلاف 128 مقدمات درج ہوئے جبکہ 128 قانون شکن گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے 14077 پتنگیں اور 10299 ڈوریں و چرخیاں برآمد ہوئیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کے نام اہم آڈیو پیغام جاری کیا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور سی پیک پراجیکٹس پر حملہ پاکستان کی معیشت اور آزادی پر حملہ ہے، ٹارگٹ ہارڈننگ اس لئے ضروری ہے کہ پاکستان کی سا لمیت ملک کی بہتر معیشت کے ساتھ منسلک ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی دہشت گردی کے حملے نہ صرف روکے بلکہ دہشت گردوں کو شکست دی ہے، پاکستان میں چینی شہریوں پر حملہ پاکستان کے لوگوں کیساتھ ملکر ناکام بنانا ہے۔دوسری طرف انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔