ٹرانس جینڈرز بچوں کو تحفظ درسگاہ میں بھجوائیں:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق خواتین کے تحفظ کیلئے جاری مہم ”اب کبھی نہیں“ کا دائرہ کار وسیع کریں، خواتین کے خلاف تشدد، ہراسگی، تیزاب گردی، زیادتی کے واقعات پر بلاتاخیر کاروائی عمل میں لائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی خواتین شہریوں کو ڈرائیونگ ٹریننگ، لائسنسنگ اور پولیسنگ سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ وکٹم سپورٹ افسران ٹرانسجینڈرز، متاثرہ افراد کی بھرپور مدد یقینی بنائیں، وکٹم سپورٹ افسران کی ملازمت میں توسیع کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی، ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ٹرانسجینڈرز بچوں کو تعلیم اور رہائش کیلئے لاہور میں تحفظ درسگاہ میں بھجوائیں اور ٹرانس جینڈرز بچوں کے ساتھ ہونے والے استحصال کے خاتمے کیلئے ترجیحی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یہ ہدایات آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈی پی اوز، وکٹم سپورٹ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا کی زیر نگرانی کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فرائض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے 20 لاکھ روپے جاری کر دئیے گئے۔ علاوہ ازیں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرلز سلطان اکبر چٹھہ، ارشد علی فاروقی، احمد سعید، عثمان اقبال، عبدالقدوس اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر لاہور امتیاز چیمہ اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں سنٹرل پولیس آفس اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے درمیان براہ راست کوارڈینیشن مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ورکنگ ایس او پیز کے ایم او یو پر دستخط کئے۔