اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے اپوزیشن والے اس وقت حالت ماتم میں ہیں جن کا کام انتشار پھیلانا ہے اگر اپوزیشن نے امن خراب کرنے کی کوشش کی یا عوام کےلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی تو میں برداشت نہیں کروں گی،ایوان وزیراعلیٰ میں پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا26 فروری کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں میں نے قوم سے کچھ وعدے کیے تھے آج وعدوں کی تکمیل پر فوری کام شروع کر دیا گیا ہے، ہمیں سب سے پہلا چیلنج رمضان پیکیج کے حوالے سے تھا ،76 سالوں میں ہم ایسی پہلی کوشش کرنے جا رہے تھے ہمیں لائنوں میں لگا کر چیزوں کی تقسیم غیرمناسب ہوتا تھا ،یقین دلاتی ہوں لوگوں کو رمضان پیکیج کے لیے قطاروں میں لگنا نہیں پڑے گا، رمضان پیکیج مہینوں کا کام تھا لیکن حکومتی مشینری نے زبردست کام کیا، پولیس، ضلعی انتظامیہ، پی آئی ٹی بی، سمیت حکومت پنجاب کے تمام محکموں نے مل کر قلیل مدت میں پروگرام بنایا، ساڑھے 6 ملین خاندانوں اور سوا 3 کروڑ لوگوں کو ان کا حق ان کے گھر کی دہلیز پر مل رہا ہے، پروگرام میں بہت مشکلات تھیں ہمیں سب سے پہلے سوال کا سامنا تھا کہ اصل غریب ہے کون؟؟؟،صحافیوں کے سیاسی سوالات کے جوابات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا اپوزیشن والے اس وقت حالت ماتم میں ہیں مجھے علم ہے وہ تنقید کریں گے مگر میں تنقید کے ڈر سے کام نہیں روکوں گی، اپوزیشن کا کام انتشار پھیلانا ہے اگر اپوزیشن نے امن خراب کرنے کی کوشش کی یا عوام کےلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی تو میں برداشت نہیں کروں گی پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والوں کو برداشت نہیں کروں گی، میں واٹس ایپ پر حکومت نہیں چلا رہی اور رات کو ایک بجے تک کام کر رہی ہوں اور یہ بھی اس سے زیادہ کام کر رہے ہیں ہمارے پاس بہت کمال کے افسران موجود ہیں میں نے اپنی سرکاری افسران کی ٹیم کو کہہ دیا ہے کہ میں نااہلی، غفلت، مالی کرپشن برداشت نہیں کروں گی،ہماری مخالف جماعت سے تعلق رکھنے والا غریب اور مستحق بھی برابر کا حق دار ہے میرا کسی مخالف سے کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ انہوں نے کوئی کام ہی نہیں کیا میرا مقابلہ نواز شریف اور شہباز شریف کی عوام کےلئے کی گئی خدمات سے ہے اور میرے پاس نواز شریف اور شہباز شریف کی صورت میں تجربہ موجود ہے دریں اثناءپنجاب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کابینہ میں انتہائی اہل ، پڑھے لکھے اور نوجوانوں کے ساتھ تجربہ کار لوگوں کو وزراءبنایا گیا ہے ،میں مستقبل کے حوالے سے بہت پر امید ہوں ، میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے نواز شریف اور شہباز شریف کی رہنمائی حاصل ہے ، ہم مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کےلئے پیکیج بنا رہے ہیںجو پنجاب میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں انہیں مراعات ،ٹیکس فری زونز اورایک چھت تلے ساری سہولتیں ملیں گی ،سرخ فیتے کا خاتمہ ہوگا ، پنجاب سرمایہ کاری کا حب بنے گا ، پیکیج کے حوالے سے بہت جلد اعلان کیا جائے گا،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہایہ درست نہیں کہ میں جلدی اور بیورو کریسی تاخیر سے آتی ہے، انہوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا یہ بہت بڑا مسئلہ ہے اس کو ہنگامی بنیادوں پر دیکھا جائے گا اور اسے جنگی بنیادوں پر ٹھیک کریں گے،
اپوزیشن والے حالت ماتم میں ہیں،امن خراب کرنے کی کوشش برداشت نہیں کروں گی:مریم نواز
















