تمام سپروائزری افسران زیرتکمیل پراجیکٹس کو مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کرائیں :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ، سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اجلاس میں پولیس فیلڈ فارمیشنز کی ورکنگ سے متعلقہ انتظامی اور پیشہ ورانہ امور زیر غور آئے جبکہ سینئر افسران نے انتظامی و پالیسی امور بارے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پنجاب گھڑ سوار پولیس فورس، ٹیلی کمیونی کیشن ونگ میں بینڈ سٹاف کی تشکیل، ویلفیئر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی پراجیکٹس، فورس کی ویلفیئر پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب، ڈاکٹر عثمان انور نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیش کردہ تجاویز کو حتمی شکل دیکر آئندہ اجلاس میں فیصلہ سازی کیلئے پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپروائزری افسران تمام زیر تکمیل پراجیکٹس کوذاتی نگرانی میں مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کروائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ائی جی جنوبی پنجاب، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے تاریخی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق سال رواں کے دوران فورس کی ویلفیئر پر 42 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ تمام کیٹیگریز میں 05 ہزار 800 سے زائد ملازمین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ پولیس ملازمین اور شہدا کی بیٹیوں کو شادی گفٹ کے طور پر 9 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد فنڈ دیئے گئے جبکہ پولیس ملازمین کے بچوں کو 19 کروڑ 53 لاکھ 87 ہزار روپے سے زائد سکالرشپس دئیے گئے۔اسی طرح طبی مالی امداد کی کیٹیگری میں 5 کروڑ 18 لاکھ 5 ہزار روپے سے زائد دئیے گئے۔ تدفین کے اخراجات کی مد میں فورس کو ایک کروڑ 40 لاکھ روپے دئیے گئے۔آخری بنیادی تنخواہ کی کیٹیگری میں پولیس ملازمین کو 3 کروڑ 96 لاکھ اور 56 ہزار روپے سے زائد دئیے گئے۔گذارا الا¶نس کیٹیگری میں فورس کو 3 کروڑ 55 لاکھ اور 55 ہزار روپے سے زائد دئیے گئے۔