غریب کیلئے علاج بھی خواب،جان بچانے والی 146ادویات مہنگی

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،ہیلتھ رپورٹر)غریب کیلئے علاج بھی خواب،وفاقی حکومت نے جان بچانے والی 146ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق کینسر، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک دواﺅں کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔

وزارت صحت کے حکام کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے حکومت کو 262 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھیجی تھی تاہم حکومت نے لسٹ میں شامل جان بچانے والی 146ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا،حکام کے مطابق لسٹ میں شامل 116ادویات کی قیمتیں فارماسیوٹیکل کمپنیاں خود بڑھائیں گی،حکومت اب صرف نیشنل اسینشل میڈیسنز لسٹ میں شامل 464ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول رکھے گی۔
دوسری جانب ادویات کی قیمتوں کے تعین کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،درخواست اسلم نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کےلئے نگران حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا، حکومت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی سیکشن ڈرگ ایکٹ سے نکال رہی ہے، نگران حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں، عوامی اور جمہوری حکومت آنے والی ہے ،اقدام وہ کر سکتی ہے،درخواست گزار نے استدعا کی موجودہ نوٹیفکیشن آئین اور قانون کے منافی ہے، عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دے۔