پاکستان میں سالانہ 2لاکھ سے زائدافراد ٹی بی کی وجہ سے زندگی گنوا دیتے ہیں :ڈاکٹر ندیم جان
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 2لاکھ 50ہزار افراد ٹی بی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں،پاکستان دنیا بھر میں ٹی بی کیسوں کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی بی ہسپتال کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹی بی کا مرض پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے، اسکا علاج اور بچاﺅ ممکن ہے،گلوبل فنڈ کیساتھ ملکر نئے پروگرام میں 200ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جو ٹی بی، ملیریا، ایچ آئی وی ایڈز جیسی بیماریوں کے علاج معالجہ اور بچاﺅ پر خرچ کی جائے گی، اس کےساتھ ساتھ 500ملین ڈالر کی ایک ایپلی کیشن لانچ کر رہے ہیں جس کے ذریعے دور افتادہ علاقوں تک رسائی حاصل اور وہاں کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولت پہنچائی جا سکے گی۔انہوں نے کہاکہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنا رہے ہیں، ہیپاٹائٹس، ذیابیطس اور پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کیلئے 35.6بلین روپے کا ایک پروگرام ہم نے شروع کیا تھا جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جلد اس کو لانچ کر دیا جائے گا تاکہ نئی آنے والی حکومت اس کو آگے لے کر چلے،اس کےساتھ ساتھ صوبوں کے ساتھ مل کر ذیابیطس پر کنٹرول کیلئے 6بلین روپے کا ایک جامع پروگرام بھی تشکیل دیا گیا ہے جس کو نئی حکومت کے حوالے کریں گے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کا ایک بہت بڑا پروگرام 332ملین ڈالر شروع کیا گیا ہے جس میں ڈونرز کےساتھ ساتھ صوبوں اور وفاقی حکومت کا تعاون بھی حاصل ہے، وہ لانچ ہو چکا ہے، پرائمری ہیلتھ سسٹم کو مضبوط کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے 70فیصد بیماریاں ابتدائی سطح پر ختم کی جا سکتی ہیں، اس پروگرام کو مزید بہتر بنانے پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ایم ڈی سی، ڈریپ، فارمیسی کونسل، نرسنگ کونسل میں ریفارمز لانے کا جو عمل ہم نے کیا وہ سب کے سامنے ہے، ڈریپ کے نظام ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، ادویات سے متعلق شکایات ایپ کے ذریعے درج کرائی جا سکتی ہیں۔
















