یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو پیپرلیس بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کا 10 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے 9ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے تمام منٹس کی منظوری دی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے 9 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی۔اجلاس کے دوران سینڈیکیٹ ممبران کی جانب سے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو چلڈرن ہسپتال لاہور کی بہتری کیلئے بہترین کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران پروفیسر ریاض اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے درمیان موروثی بیماریوں بارے ریسرچ کا ایم او یو بھی طے پایا۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران اکیڈمک کونسل کے 11 ویں اجلاس کے تمام فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر تعمیر کمپلیکس پر جاری پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے افسران نے اس حوالے سے سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران بریفنگ بھی دی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران پروفیسر آف جنیٹکس کی پوسٹ کی منظوری کے علاوہ مختلف سٹیٹوٹری پوزیشنز کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے مینٹی ننس ڈیپارٹمنٹ کی پوسٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور کی کوالٹی اینڈ پرفارمنس اسیسمنٹ رپورٹ کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کروا یا گیا ہے۔ چلڈرن ہسپتال آنے والے مریضوں کے سماعت کے آلے کے علاوہ کوکلیئر پلانٹ کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ حکومت پنجاب چلڈرن ہسپتال لاہور میں مزید بہتری لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو پیپرلیس بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں چلڈرن ہسپتال لاہور میں ری ویمپنگ کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج و معالجہ کے حوالے سے دنیا کا دوسرا جبکہ ایشیا کا پہلا بڑا ہسپتال ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔