لاہور میں خاندانی دشمنیوں نے کئی گھر اجاڑ دئیے،پس پردہ رقابتوں کی طویل داستان

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) لاہور میں خاندانی دشمنیوں نے کئی گھر اجاڑ دئیے۔ یہ خاندانی دشمنیاں کیسے پروان چڑھیں اس کے پس پردہ کیا محرکات ہیں؟ پولیس ریکارڈ کے مطابق شہر میں پچاس بڑے ایسے خاندان ہیں جو جو خاندانی دشمیوں کی آگ میں جل رہے ہیں جس کی وجہ سے کئی بچے یتیم ہو گئے ملک بھر میں آئے دن فائرنگ اور قتل کے واقعات سننے میں آتے ہیں۔ کہیں بھائی اپنے ہی سگے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیتا ہے تو کہیں سالہا سال سے چلنے والی خاندانی دشمنیاں ایک دوسرے کی جانیں لینے پر ختم ہو جاتی ہیں لیکن اس معاملے پر نقصان اکثر دونوں جانب برابر ہی ہوتا ہے۔ حال ہی میں صرف لاہور میں روایتی دشمنیوں کے نتیجے میں ہونے والے قتل و غارت کے اعداد و شمار دیکھے گئے تو ہوشربا انکشافات سامنے آئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ریکارڈ کے مطابق شہر میں 50 بڑے ایسے خاندان ہیں جو خاندانی دشمنیوں کی آگ میں جل رہے ہیں لاہور کی روایتی دشمنیوں کے نتیجے میں گذشتہ 43 سالوں کے دوران850 سے زائدافراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں کے حساب سے خاندان بھی ا±جڑ گئے۔لاہور کی مشہور دشمنیوں میں نورا کشمیری اور بابر بٹ گروپ جس میں ڈیڑھ درجن سے زائد افراد قتل ہو ئے۔ ماجھا سکھ اور روحیل اصغر کی لڑائی میں اب تک سب سے زیادہ افراد قتل ہوئے۔ رشید بھٹی اور ہنجروال کے شاہ گروپ کی جنگ میں بھی کئی افراد لقمہ اجل بن گئے۔ کٹھا برادری اور راجپوت برادری کی لڑائی میں بھی 75 سے زائد افراد جان کی بازی ہارے۔ استونمبردار ، ملک نثار کالو شاہ پوریا اور عارف حویلیاں والا کی گینگ وار میں 45 سے زائد افراد قتل ہوئے۔ٹیپو ٹرکاں والا کے دست راست بابا حنیفا نے اس کے والد بلا ٹرکاں والا کو قتل کیا۔جس کے بعد ٹاپ 10 اشتہاریوں نے طیفی بٹ اور گوگی بٹ سے تعلقات بنا لئے جس کے نتیجے میں ٹیپو ٹرکاں والا اور طیفی بٹ گروپ کی سرد جنگ شروع ہو گئی۔ ٹیپو ٹرکاں والا کے قتل کے بعد یہ سرد جنگ ڈرائنگ روم کی سیاست میں تبدیل ہو گئی۔ اس کے علاوہ بادامی باغ کے زاہد گروپ اور عارف بھنڈر کی دشمنی نے بھی بیس سے زائد افراد کی جانیں لیں۔ جبکہ عابد چودھری اور ارشد امین چودھری کی گینگ وار میں بھی کئی افراد لقمہ اجل بنے۔گذشتہ 43 سال کے دوران لاہور میں 850 سے زائد افراد روایتی دشمنیوں کا لقمہ اجل بن چکے ہیں اسی طرح گذشتہ رات لاہور میں ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج کو قتل کردیا گیا تھا۔ یہ افسوسناک واقعہ لاہور میں ایک شادی کی تقریب میں پیش آیا جہاں ٹیپو ٹرکاں والا کے 32 سالہ بیٹے کی موجودگی کی اطلاع پر وہاں پہنچنے والے نا معلوم حملہ آور نے امیر بالاج پر فائرنگ کردی، شادی کی تقریب میں نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے امیر بالاج سمیت 3 افراد زخمی ہوئے، تینوں زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا، تاہم اس دوران امیر بالاج کی زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔امیر بالاج کے سکیورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور بھی موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ بالاج ٹیپو اور دیگر زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔پولیس نے امیر بالاج کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی تھی جس کے بعد امیر بالاج کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کردی گئی ہے جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی یاد رہے امیر بالاج کچھ عرصہ قبل پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ بھی جناح اسپتال پہنچ گئے۔پولیس نے بھی امیر بالاج کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے ۔حملہ آور کی شناخت مظفر حسین کے نام سے ہوئی۔ حملہ آور شیخوپورہ کے نواحی گاو¿ں کا رہائشی تھا اور اس کی چار شادیاں تھیں پولیس نے حملہ آور کی شناخت کے لئے نادرا سے رابطہ کیا تھا۔تاحال امیر بالاج کے قتل کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔تحقیقات کرنے والے ادارے حملے کی وجہ بننے والے حالات اور اس کے پیچھے ممکنہ محرکات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاہم یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امیر بالاج کی موت خونی دشمنی کا ایک اور باب شروع کر سکتی ہے جس کا آغاز 1994 میں ان کے دادا بلا ٹرکاں والا کے قتل سے ہوا تھا۔ امیر بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکاں والاں کے صاحبزادے تھے۔ان کے والد کو بھی 2010 میں لاہور ائیرپورٹ پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔