شہداءکے اہل خانہ کو چھت کی فراہمی مشن ہے: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے 2017 سے قبل کے پولیس شہدا کے اہل خانہ کو اپنی چھت کی فراہمی کا مشن تکمیل کی جانب گامزن ہے، اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ساہیوال ریجن کے 16 پولیس شہدا کے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آر پی او ساہیوال محبوب رشید، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، اے آئی جی ویلفیئر ساجد کھوکھر سمیت سینئر افسران تقریب میں موجود تھے۔ ساہیوال ریجن کے اضلاع اوکاڑہ، پاکپتن اور ساہیوال کے 16 پولیس شہدا کے ورثا نے تقریب میں شرکت کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا کے اہل خانہ میں پلاٹس کے ملکیتی کاغذات تقسیم کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس 2017 سے قبل کے 1378 شہدا کے اہل خانہ کے گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہمی کا انتظام کر رہی ہے، اب تک 588 شہدا کے اہل خانہ کیلئے پلاٹس کا انتظام ہو چکا، 430 کو پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دئیے جا چکے ہیں جبکہ باقی شہداءکے اہل خانہ کیلئے پلاٹس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس دفاتر اور تھانوں کی بروقت تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں اور اس سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کے مختلف دفاتر اور تھانوں کے دورے کرکے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، آئی جی پنجاب نے تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنے کیلئے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے تھانہ شفیق آباد اور ایس ڈی پی او آفس شفیق آباد کا معائنہ کیا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین سمیت دیگر سینئر افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔ دوسری طرف دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ویلفیئر برانچ کی کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کی منظوری کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے اہلکاروں کے طبی اخراجات کیلئے مزید 17 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کے غازی کانسٹیبل آصف علی کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے، ڈی جی خان پولیس کے زخمی کانسٹیبل ثقلین نواز کو علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے، رحیم یار خان کے زخمی اے ایس آئی ارشد حسین کو طبی اخراجات کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ اٹک کے غازی کانسٹیبل ساجد علی خان کو علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ ضلع اٹک کے غازی کانسٹیبل سعید الرحمان کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ مسائل سے دوچار افسران و اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن معاونت کی جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ غازی افسران و اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے اور جلد بحالی کیلئے تعاون میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔