لاہور پولیس کا اشتہاریوں اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایک بار پھر کریک ڈاﺅن

لاہور(مرزا ندیم بیگ)لاہور پولیس نے اشتہاری اور دیگر ملزمان کے خلاف ایک بار پھر کریک ڈاون کا آغاز کر دیا۔ آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ ٹیموں کو ٹاسک سونپ دیا گیا،اس حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے باقاعدہ تمام انویسٹی گیشنز کے ایس پیز سے ویڈیوز لنک کے ذریعے اجلاس کے دوران احکامات دیئے تھے کہ 9 مئی کے حوالے سے جو ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے، ان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے ۔9 مئی کے واقعات پر لاہور میں 14 مقدمات دہشت گردی اور 49 مقدمات دیگر سنگین دفعات کے تحت درج ہوئے۔لاہور پولیس نے 1035 ملزمان دہشت گردی کے مقدمات جبکہ884 ملزمان دیگر مقدمات میں گرفتار کئے تھے۔دہشت گردی مقدمات میں اب تک جیلوں میں 741 ملزمان جوڈیشل ہوئے۔دیگر مقدمات میں 318 ملزمان کو حوالات جوڈیشل میں رکھا گیا۔باقی تمام ملزمان ضمانتوں پر ہیں یا مقدمات سے ڈسچارج کئے گئے۔لاہور پولیس نے ان مقدمات میں اب تک گرفتار نہ ہو پانے والے ملزمان کیخلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا ہے۔لاہور پولیس کے مطابق اب تک کی تحقیقات میں مزید 382 ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے۔گرفتار نہ ہونے والے 282 اشتہاریوں کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔