ایران سے سفارتی تعلقات منقطع،سفیر واپس ،حملے کاجواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں،پاکستان

اسلام آباد،کوئٹہ،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے،مشرق نیوز)فضائی حدود کی خلاف و رزی پر پاکستان کابڑا اقدام،ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کرکے سفیر واپس بلا لیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بلوچستان حملے پراپنے سفیر کو واپس بلا لیا اورایرانی سفیر کو بھی پاکستان واپس نہ آنے کاپیغام دےدیا، حکام نے تہران کے تمام سفارتی دورے ،اعلیٰ سطح کے تبادلے اور چاہ بہار میں جاری پاک ایران جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کرکے فیصلے سے ایرانی حکومت کو آگاہ کر دیا ،چاہ بہار سے چیف کلکٹر کسٹم بلوچستان ،ڈپٹی کمشنر گوادر ،کوئٹہ اور گوادر چیمبرز کے تجارتی وفود و دیگر حکام کاوفد واپس آگیا۔


ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاملکی خود مختاری کی خلاف ورزی عالمی ،یو این چارٹر کے مقاصد ،اصولوں کی خلاف ورزی اور ایرانی جارحیت کاثبوت ہے، غیر قانونی عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے،ایران کے اقدام کا کوئی جواز نہیں ، پاکستان غیرقانونی اقدام کا جواب دینے کاحق محفوظ رکھتا ہے، نتائج کی ذمہ داری پوری طرح ایران پر عائد ہوگی،پیغام تہرانی حکومت تک پہنچا دیا،ایران نے جارحیت کو چھپانے کےلئے جیش العدل کے جھوٹے بیانیے کا سہارا لیا۔


ادھر نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا بلوچستان میں امن و امان کے قیام کےلئے حکومت ،سکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں،پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دشمن قوتیں بیرونی مداخلت کی کوشش کر رہی ہیں، دشمن کبھی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

جان اچکزئی نے کہاہر جگہ دشمن قوتوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دفتر خارجہ کہہ چکا دہشتگردی خطے کے ممالک کےلئے مشترکہ خطرہ ہے، خطرے سے نمٹنے کےلئے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے،ایران کی طرف سے پاکستانی خودمختاری کی خلاف ورزی تعلقات، اعتماد و تجارتی روابط کو نقصان پہنچاتی ہے، ایران کے حملے میں 2بچیاں شہید ،3زخمی ہیں۔


صوبائی وزیر اطلاعات نے کہامستعد ادارے دہشتگردوں سے نمٹنا جانتے ہیں، مزید علیحدگی پسند جلد قومی دھارے میں آنے والے ہیںموقف واضح ہے، دہشتگردی کے بہت سے واقعات میں افغانستان کے لوگ ملوث رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی غیر معمولی واقعہ ہے،سنجیدہ رد عمل آئےگا، رد عمل دینے کا وقت اور نوعیت متعلقہ لوگ ہی طے کریں گے۔

دریں اثناصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاایران کی جانب سے پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی سے دھچکا لگا،میزائل حملہ دوستی اور ہمسائیگی اصولوں کےخلاف ہے،دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو نقصان ہوگا،مخلصانہ بات چیت اور باہمی تعاون کی ضرورت ناگزیرہے۔

پی ٹی آئی نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ملکی سالمیت،سلامتی اور دفاع کے تحفظ میں ناکامی پر غیر آئینی، غیرقانونی، غیرنمائندہ، غیرمنتخب اور زائدالمیعاد حکومت فوری وضاحت پیش کرے،بھارت ،افغانستان کے بعد ایران سے تعلقات میں سنگین بگاڑ نہایت تشویشناک ،ناکام ترین خارجہ و دفاعی پالیسی کا شاخسانہ ہے،اقتدار عوام کی منتخب قیادت کے ہاتھ میں ہوتاتو کسی کوملکی سالمیت و خودمختاری پر میلی آنکھ اٹھانے کی جرات نہ ہوتی۔