کیچ ،میرعلی،کلاچی، فورسز پر حملہ،آپریشن،5جوان شہید،7دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی،کیچ،میر علی،کلاچی:(بیورورپورٹ)کیچ میں سکیورٹی فورسز پر حملہ،5جوان شہید،3دہشتگرد ہلاک،کیچ ،میر علی میں 4دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے گاڑی پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے حملہ کردیا،دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، جوابی کارروائی میں3دہشتگرد ہلاک ہوگئے،آپریشن کے دوران5 جوانوں نے بہادری سے لڑتے جام شہادت نوش کیا۔

شہدا میں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی ٹیپو رزاق، کراچی سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی سنی شوکت، لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی شفیع ،اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لانس نائیک طارق علی اور میانوالی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی طارق خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہامسلح افواج قوم کےساتھ ملکر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کےلئے پرعزم ہیں،بہادر جوانوں کی قربانیوں سے عزم مزید مضبوط ہوتا ہے۔


قبل ازیں شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشتگرد مارے گئے،شناخت کمانڈر تبسم عرف قادر مان اور ساجد عرف سرکنڈی کے نام سے ہوئی۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز ،پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد مارے گئے، قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں ،متعدد کارروائیوں ،بھتہ خوری و بےگناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے،علاقہ مکینوں نے کارروائیوں کو سراہا اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کےلئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔