راولپنڈی،لاہور،ملتان:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کی انتخابی قسمت کافیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں قائم الیکشن ٹربیونل جج جسٹس چودھری عبدالعزیز نے فیصلہ محفوظ کیا،فیصلہ پیر کی صبح 10 بجے سنایا جائے گا،واحد الیکشن اپیل ہے جس کی 3 گھنٹے 40 منٹ سماعت ہوئی ،2مرتبہ مختصر وقفہ بھی کیا گیا۔
وکیل عمران خان نے کہا آر او فیصلہ نہیں کر سکتا معاملہ مورل ٹرپیٹیوٹ کا ہے یا نہیں، کوئی شخص اہل ہے یا نا اہل ،شواہد چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے معاملے میں آر او کے فیصلے میں ایسا کچھ نہیں تھا، 2018 میں خواجہ آصف کیس کا حوالہ دینا چاہتا ہوں،ٹریبونل نے کہا خواجہ آصف کیس میں تنخواہ کا ذکر تھا، کیا توشہ خانہ سے لی گئی چیزوں کی تفصیلات دی گئیں؟ توشہ خانہ کیس کے میرٹ پر بات نہیں کر رہے ہیں جو پیسہ توشہ خانہ کی چیزیں بیچ کر حاصل کیا گیا وہ بتایا ؟۔
ڈی جی لا نے دلائل میں کہا ریٹرننگ افسر نے سرسری سماعت کرنا ہوتی ہے، ملزم سزا یافتہ ہو تو الیکشن نہیں لڑ سکتا ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو نااہل قرار دیا،سزا ختم نہیں کی گئی بلکہ برقرار ہے،ریٹرننگ افسر نے قانون کے مطابق کاغذات مسترد کیے ،اپیل خارج کی جائے،بعدازاں الیکشن ٹریبونل نے بانی پی ٹی آئی کے این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دریں اثنا میاں اسلم اقبال،علی خان،کنول شوزب کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی،لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے پی پی 171 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا،علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیر مملکت علی خان کے کاغذات درست قرار دے دیئے،الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس وقار احمد نے اپیل پر سماعت کی۔
ادھر اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پی پی 171 سے حماد اظہر ،میاں اظہر کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے جبکہ اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس طارق ندیم نے حماد اظہر کے حلقہ این اے 129 سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے۔
لاہور ہائیکورٹ اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے پی ٹی آئی ورکر صنم جاوید کے این اے 119 ،120 ،پی پی 150 سے کاغذات مسترد کرنے کےخلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے آر او کا فیصلہ برقرار رکھا،این اے 166 سے کنول شوزب،این اے 36 ،پی کے 94 سے سینیٹر اورنگزیب کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دئیے گئے،لیگی رہنما تہمینہ دولتانہ کو بھی این اے 158 ،پی پی 230 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔
مزید برآںلاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹربیونل نے این اے 119 لاہور سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کےخلاف اپیل مسترد کردی،ایپلٹ ٹریبونل نے ندیم شیروانی کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کافیصلہ کرلیا،وکلا نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو لارجر بنچ میں چیلنج کرنے کی تیاری شروع کر دی، الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کےخلاف لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ میں جلد اپیل دائر کئے جانے کا امکان ہے۔
عمران کی انتخابی قسمت کافیصلہ محفوظ،اسلم اقبال،علی خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت
















