لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 185 طلباءو طالبات کے درمیان لیپ ٹاپس تقسیم کر دیئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طلباءو طالبات کے درمیان لیپ ٹاپ کی تقسیم کی کامیاب تقریب کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے تمام طلباءو طالبات کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپس طلباءو طالبات کو مزید علم حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ہمارے بچوں کو قرآن مجید پر ریسرچ کرنی چاہئے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ آج طلباءو طالبات کے درمیان ان کی کامیابی پر لیپ ٹاپس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمارے بچوں کو علم اور ایمان کی طاقت سے نوازے۔دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا 35واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پررجسٹرار یونیورسٹی نے سینڈیکیٹ اجلاس کے ایجنڈا مندرجات پیش کئے۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ملازمین کی مدت ملازمت کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دیدی گئی ہے۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے آڈیٹوریم کی رینوویشن کیلئے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں جینی ٹوریل سروسز کیلئے محکمہ صحت کی ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی گئی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کیو ایس رینکنگ حاصل کرنے پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم بہت مبارک باد کے حق دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر سینڈیکیٹ کو تمام اقدامات اٹھانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔کیو ایس رینکنگ حاصل کرنا کسی بھی تعلیمی ادارے کیلئے بہت اہم ہوتا ہے۔
بچوں کو قرآن مجید پر ریسرچ کرنی چاہئے: ڈاکٹر جاوید اکرم
















