ڈھاکہ (مشرق نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے باضابطہ طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا اور ان کی جانب سے حکمران جماعت عوامی لیگ کی طرف سے 7 جنوری کو الیکشن لڑنے کا امکان ہے۔ بنگلہ دیشی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شکیب الحسن نے عوامی لیگ کے ٹکٹ سے انتخابات میں حصہ لینے کےلئے 3 حلقوں کیلئے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔ بنگلہ دیشی کپتان نے عوامی لیگ کے دفتر سے ہفتہ کی صبح فارم حاصل کیا، چھاترا لیگ کے سابق جنرل سیکرٹری صدیق نظم العالم جو عوامی لیگ کیلئے ڈھاکہ ڈویژن کے نامزدگی فارم فروخت کرنے والے بوتھ پر موجود تھے، انہوں نے کرکٹر کے سیاست میں آنے کی تصدیق کی۔رپورٹ کے مطابق شکیب کے اہل خانہ کی جانب سے نامزدگی فارم بھی جمع کرائے گئے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ انتخابات میں بھی شکیب الحسن کے حصہ لینے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن انہوں نے اس وقت سیاست میں آنا مناسب نہیں سمجھا تھا۔دوسری جانب عوامی لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل بہاالدین نسیم نے عالمی میڈیا کو بتایا کہ شکیب نے ہفتے کے روز پارٹی سے تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کیلئے نامزدگی فارم لئے۔انہوں نے آل رانڈر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں اور ملک کے نوجوانوں میں ان کی بہت مقبولیت ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سربراہی میں حکمران جماعت کے پارلیمانی بورڈ سے شکیب کی امیدواری کی تصدیق کرنا ہو گی۔
شکیب الحسن نے سیاست میں بھی قدم رکھ دیا، 7 جنوری کو الیکشن لڑنے کا امکان
















