اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس میں فرد جرم اور ٹرائل کورٹ کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کیے جانے کے فیصلے کے بعد ان کے وکلا نے درخواست تیار کرلی ہے جسے آج ہی سپریم کورٹ میں دائر کئے جانے کا امکان ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان کے ذریعے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائیگا جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا 26 اکتوبر کو فرد جرم مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کیا جائیگا۔ درخواست کے متن کے مطابق عدالت عظمیٰ سے استدعا کی جائیگی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 26 اکتوبر کا اور ٹرائل کورٹ کا 23 اکتوبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے 23 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 اکتوبر کا مکمل دستاویزات کی فراہمی سے متعلقہ ٹرائل کورٹ کا حکم نامہ چیلنج کر رکھا تھا۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کئے بغیر چالان تقسیم کیا گیا۔ ٹرائل کورٹ نے دستاویزات کی فراہمی کے 6 دن بعد فرد جرم عائد کردی۔ چالان کی تقسیم کے 7 روز بعد فرد جرم عائد ہوسکتی ہے۔
سائفر کیس، عمران خان فرد جرم کیخلاف درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کریں گے
















