فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کردی، ورلڈکپ کوالیفائرز کے دوسرے راونڈ میں رسائی

اسلام آباد (ایم این پی)قومی فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کردی، کمبوڈیا کو شکست دےکر پہلی بار ورلڈکپ کوالیفائرز کے دوسرے راونڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا،فتح ملتے ہی کھلاڑی سجدہ ریز ہوگئے۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں ہونےوالے میچ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے واحد گول 69 ویں منٹ میں ہارون حامد نے سکور کیا۔

197 ویں رینک والی پاکستان فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈکپ کوالیفائر کی تاریخ میں پہلی فتح سمیٹی،قومی کھلاڑی کامیابی کے بعد گراﺅنڈ میں سجدہ ریز ہوگئے،وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ احمد حنیف اورکزئی، صوبائی وزیر کھیل بلوچستان جمال رئیسانی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو سمیت ہزاروں کی تعداد میں شائقین موجود تھے۔

پاکستان کی شاندار کامیابی پر جناح سٹیڈیم میں ہزاروں شائقین نے جشن منایا،اگلے مرحلے میں پاکستان فٹبال ٹیم کا مقابلہ سعودی عرب ، تاجکستان اور اردن سے ہوگا۔