الیکشن کمیشن فوری تاریخ دے،پی پی کو دیوار کےساتھ نہیں لگایا جا سکتا،بلاول

اوکاڑہ (شیخ غلفام علی سے)سابق وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے بار بار گزارش ہے الیکشن کمیشن فوری انتخابات کی تاریخ دے،پیپلزپارٹی کو دیوار کےساتھ نہیں لگایا جا سکتا۔

ظفر کالونی اوکاڑہ میں پیپلز یوتھ وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری آصف بلوچ کے مقتول بھائی کاشف بلوچ کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہان لیگ کو راجہ ریاض اور راجہ ریاض کو ن لیگ مبارک ہو، میں خود یوتھ ہوں ،یوتھ کے مسائل کو سمجھتا ہوں، اب فیصلہ نوجوانوں نے کرنا ہے، نوازشریف کی واپسی پیپلز پارٹی کابہت پرانا مطالبہ ہے، جہاں تک پیپلزپارٹی کی بات ہے پیپلزپارٹی نے 2007 میں الیکشن لڑا،بےنظیر بھٹو شہید کو دفنا کر بھی الیکشن لڑا اس لئے پیپلزپارٹی کو دیوار کےساتھ نہیں لگایا جا سکتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا لیول پلئنگ فیلڈ پر سی ای سی میں اعتراضات اٹھائے گئے ، لیول پلئنگ فیلڈ پرسابق صدر آصف زرداری کو اختیار دےدیا اگر لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملا تو پھر آصف زرداری سے کہیں گے میرے ہاتھ کھول دیں،ہمیں کوئی دیوار سے نہیں لگا رہا، الیکشن شیڈول آنے کے بعد ہی انتخابی اتحاد کی بات کی جا سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاصرف ایک جماعت پارلیمنٹ، اقوام متحدہ اور عالمی مالیاتی فنڈ میں حقیقی نمائندگی کر سکتی ہے، پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی معاشی بحران کو سمجھا اور ایک سال کے اندر معاشی بحران ختم کیا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا اہلیہ کےساتھ حلف لینا پاور فل پیغام ہے، چیف جسٹس کیلئے نیک خواہشات ہیں، عدلیہ نے عوام کے بھروسہ کو بحال کرنا ہے، آئین کے سوا کوئی پیج ہو گا تو پیپلز پارٹی نہیں ہوگی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا معاشی پروگرام میں اشرافیہ کو سبسڈی دینے کی بجائے عوام کو فائدہ پہنچائیں، کھاد بنانے والے فیکٹریوں کو سبسڈی دینے کی بجائے چھوٹے کسان کو فائدہ پہنچائیں، پیپلزپارٹی کا اپنا مکان منصوبہ مکمل ہونے کے بعد 20 لاکھ افراد کو گھر ملیں گے، ماڈرن پاکستان بنانا چاہتا ہوں۔

چیئرمین پی پی نے کہا ملک میں بہت مسائل ہیں،ایسا نہیں صرف ایک عمران خان کو بند کرنے سے پاکستان کے تمام مسائل حل کرلیے،کوئی مانے یا نہ مانے سیاسی بحران ہے،امن و امان اور دہشتگردی کی صورت میں چیلنجز کا سامنا ہے، نگران کابینہ کا حصہ ہوتا تو وزیر اعظم کو مشورہ دیتا وزیر خارجہ کو نمائندگی دیں ویسے بھی خارجی محاذ پر نگران حکومت کے پاس محدود دائرہ کار ہوتا ہے۔