پاکستان سے اولمپک کوالیفائر ہاکی ایونٹ کی میزبانی واپس لے لی گئی

لاہور (مشرق نیوز) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سے اولمپک کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی واپس لے لی، ایف آئی ایچ نے بذریعہ خط پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سے اولمپک کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی واپس لینے کی وجوہات میں حکومت پاکستان اور سپورٹس بورڈ کی جانب سے عدم تعاون، ہاکی فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت کو بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔ پاکستان سے میزبانی واپس لینے کی وجوہات میں ایف آئی ایچ نے اس امر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد کیلئے حکومت کے تعاون اور سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ حکومت پاکستان، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ فراہم نہیں کر رہا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ اولمپک کوالیفائر جیسا بڑا ایونٹ حکومت پاکستان کے تعاون کے بفیر منعقد کرانا ممکن نہیں، اس لیے پاکستان سے ایونٹ کی میزبانی واپس لی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اولمپکس ہاکی کوالیفائنگ راونڈ 13 سے 21 جنوری 2024 لاہورمیں ہونا تھی۔پاکستان کو پہلی بار اولمپکس کوالیفائنگ راونڈ کی میزبانی ملی تھی، کوالیفائنگ راونڈ میں آٹھ غیر ملکی ٹیموں کو شرکت کرنا تھی۔