لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر چہلم حضرت امام حسینؓکے موقع پر صوبہ بھر میں منعقدہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کا سکیورٹی پلان فائنل کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 677 مجالس، 378 جلوس کی سکیورٹی پر 30 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضا کار ڈیوٹی سر انجام دیں گے، صوبائی دارالحکومت میں 44 مجالس، 5 مرکزی عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد افسران، اہلکار و رضا کار تعینات ہوں گے اور تمام دستیاب وسائل کو سکیورٹی انتظامات میں بروئے کار لایا جائےگا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام عزاداری جلوسوں، مجالس کے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں مرکزی و حساس مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر اضافی نفری تعینات کی جائے، عزاداری جلوسوں کے روٹس میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں، مجالس اور عزاداری جلوسوں میں لیڈی پولیس افسران اور اہلکار خواتین کی چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حضرت عثمان علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؓاور عرس حضرت داتا گنج بخش کے سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کیا جائے، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی انتظامات کیلئے کمیونٹی لیڈرز،علما کرام، امن کمیٹیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل کوآرڈینیشن رکھیں، سیف سٹی کیمروں اور کنٹرول رومز سے سے چہلم جلوس و مجالس،عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائےگی۔
صوبہ بھر میں مجالس ،جلوسوں کی سکیورٹی پر اضافی نفری تعینات کی جائے:آئی جی پنجاب
















