وزیراعلیٰ کادورہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا ،شکایات کاانبار،ایم ایس تبدیل

سرگودھا،لاہور(ڈسٹرکٹ رپورٹر،خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کا دورہ کیا،استقبالیہ پرچی کاﺅنٹر پر مریضوں کی لمبی قطاریں،طبی سہولتوں کا فقدان، چیک اپ میں تاخیر،وارڈز کی بری حالت ،مفت ٹیسٹ کی سہولت نہ مفت ادویات، مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دئےے۔

محسن نقوی نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کے فقدان اور ابتر صورتحال پر شدید برہمی کااظہار کیا اورایم ایس ہسپتال کی سخت سرزنش کی،وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے دورے کے دوران مریضوں کی شکایات،بدانتظامی و فرائض سے غفلت برتنے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا تبدیل اور مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا حکم دےدیا،محسن نقوی نے زیر تعمیر کارڈیک سنٹر کو جنرل وارڈ میں تبدیل کرنے اور جنرل وارڈ کو فنکشنل کرنے کےلئے 3دن کی ڈیڈ لائن دی، خواتین و مرد مریضوں کی شکایات سنیں ،ازالے کےلئے موقع پر ہی احکامات دئےے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتا ل کے باہر مخصوص لیب سے ٹیسٹ کرانے کے معاملے کی انکوائری کاحکم دیتے ہوئے کہا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کی حالت زار دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا،سارا کچھ خراب ہے، مریضوں کےساتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی پریشان ہیں، ٹیسٹ کی سہولت ہسپتال کے اندر دستیاب ہونے کے باوجود باہر سے ٹیسٹ کرانے کا کیاجواز ہے؟،مریضوں کےساتھ ایسا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں، ہسپتال کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا خواہ مجھے با ربارآنا پڑے، ڈاکٹرز کے مسئلے کو حل کیاجائےگا، کسی کو سیاست نہیں کرنے دینگے۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز اورنوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس پراجیکٹس کا دورہ کیا، شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کاتقریباً 84فیصد ،نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس منصوبے کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ،وزیراعلیٰ نے دونوں پراجیکٹس پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا ،پیشرفت کا جائزہ لیا،وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کااظہار کیا اوردونو ں منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کےلئے ڈی جی ایل ڈی اے و کنٹریکٹر کو ضروری ہدایات دیں۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا فضائی معائنہ کیا،محسن نقوی نے کہارنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمدو رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی ،منصوبہ31دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔