میٹرک امتحانات میں لڑکیوں نے میدان مار لیا،دانش سکولز کے 75 فیصد طلبہ کااے پلس گریڈ
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)میٹرک امتحانات میں لڑکیوں نے میدان مار لیا،دانش سکولز کے 75 فیصد طلباءو طالبات نے اے پلس گریڈ حاصل کیا،لاہور بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 2لاکھ 30ہزار 915طلبہ نے حصہ لیا۔
ایک لاکھ 72ہزار 204طلبا پاس ،57ہزار کے قریب دسویں جماعت کے امتحانات میں فیل قرار پائے،1100میں سے سب سے زیادہ 1091 نمبر پرائیویٹ امیدوار طوبی اعظم نے حاصل کیے، 1090نمبروں کیساتھ پرائیویٹ امیدوار عبداللہ دوسرے نمبر پر رہے، حادیہ نور 1089نمبروں کیساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
لاہور بورڈ میں پہلی تینوں پوزیشنز پرائیویٹ امیدواروں نے حاصل کیں،سپیشل سیکرٹری ہائرایجوکیشن آغا علی عباس نے کہالاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 74 فیصد سے زائد رہا، میٹرک کے امتحانات بہتر ماحول میں ہوئے، مجموعی طور پر 28 جعلی کیسز سامنے آئے،فیصل آباد میں کامیابی کا تناسب 81.76، ڈی جی خاں 86.37، بہاولپور 82.70اور گوجرانوالہ میں 80.82فیصد رہا، ملتان میں85فیصد، راولپنڈی 77.20، ساہیوال 78.76اور سرگودھا میں 82.82 فیصد طلبا نے کامیابی سمیٹی۔
دوسری جانب لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات میں صوبے بھر میں قائم دانش سکولز کے 14 کیمپسز کے 75 فیصد طلباءو طالبات نے اے پلس اور 17 فیصد نے اے گریڈ حاصل کیا ،سالانہ امتحان میں دانش سکولزکے نتائج 100 فیصد رہے،سنٹر آف ایکسیلینس گرلز ڈی جی خان کی سدرہ شبیر نے 1088 نمبر لےکرڈی جی خان بورڈ میں پہلی پوزیشن سمیٹی۔
دانش سکول کے 1200 طلباءو طالبات نے لاہور بورڈ سے میٹرک کا امتحان دیا،905 نے اے پلس اور 192 نے اے گریڈ حاصل کیا، دانش سکول گرلز رحیم یار خان کی کنزہ طارق نے 1082 نمبر لیکرپنجاب بھرکے دانش سکولوں میں پہلی پوزیشن لی۔
علاوہ ازیں پنجاب بھر میں قائم 12 سنٹرز آف ایکسیلینس کے 73 فیصد طلباءو طالبات نے اے پلس ،اے گریڈ حاصل کیا، سنٹر آف ایکسیلینس کے 2483 طلباءو طالبات نے متعلقہ ڈویژن کے بورڈز میں امتحان دیا اور ،نتائج 99 فیصد رہے۔
















