یوم عاشورہ عقیدت واحترام سے منایا گیا،شہر شہرجلوس

لاہور،کراچی،کوئٹہ،پشاور،ملتان،اسلام آباد،راولپنڈی(اپنے نمائندے سے،نمائندہ خصوصی،بیورورپورٹ،نمائندگان)نواسہ رسول امام حسین ؓکی دین کے لیے لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا،جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین ؓاور ان کے جاں نثاروں کی میدان کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے، عزادار نوحہ خوانی اور سلام پیش کرتے رہے،لاہور میں نثارحویلی سے برآمد ہونےوالے مرکزی اور تاریخی ماتمی جلوس اپنی منزل کربلاگامے شاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،جلوس کے شرکا نے رنگ محل چوک میں نماز ظہرین اور بھاٹی چوک میں نماز مغربین اداکی، جلوس کے روایتی راستوں پر عزاداروں نے نواسہ رسول اوران کے ساتھیوں کی شہادت کاغم منایا، غم حسین میں نوحہ خوانی اور گریہ زاری کرتے رہے، نمازمغربین کے بعد کربلاگامے شاہ میں شام غریباں برپاکی گئی،اس سے قبل نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی بھی کربلاگامے شاہ پہنچے اورسکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا، آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی نگران وزیراعلی کےساتھ موجود تھے،شہربھرکے مختلف علاقوں سے 227چھوٹے، بڑے جلوس برآمد ہوئے، جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے بھرپورانتظامات کئے گئے تھے،ادھر کراچی کی مرکزی مجلس کے بعد جلوس نشر پارک سے برآمد ہوا، جلوس کے راستے میں لنگر اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں تھیں، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جلوس میں سیاسی رہنما اور اعلی حکام شریک ہوئے، شرکائے جلوس نے تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کی، اس دوران سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، جلوس شام 4بجے کے قریب کھارادر مسجد و امام بارگاہ اور بعد ازاں حسینیاں ایرانیاں میں اختتام پذیر ہوا،اس کے علاوہ لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں کے مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوئے،جلوسوں کے اختتام پر مجالس شامِ غریباں منعقدکی گئیں جن میں امام عالی مقام کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس رحمت اللہ چوک سے صبح 9بجے برآمد ہوکر شام کو علمدار روڈ کی امام بارگاہ ہزارہ ناصر آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،جلوس کے راستوں میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے، موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی،ملک بھر میں عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے، یومِ عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں دودھ اور شربت کی سبیلیں قائم کی گئیں، نیازحسین کا اہتمام کیا گیا، کہیں ٹھنڈے شربت تو کہیں حلیم سے عزاداروں کی تواضع کی گئی،بھکر میں یوم عاشور پر 30 من سے زائد دودھ اور میوہ جات سے بنے شربت کی سبیل لگائی گئی، ملتان میں 250من حلیم کی دیگ بنائی گئی، بہاول نگر میں 100من حلیم اور 125من روٹی کی نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا،مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا، جگہ جگہ حلیم، بریانی، زردے اور دال چاول کی دیگیں بانٹی گئیں، مٹی کے برتنوں میں کھیر کی تقسیم کی قدیم روایت برقرار رہی، استور میں عزاداروں کے لیے سبز نمکین چائے کا اہتمام کیاگیا۔