اسلام آباد (مشر ق نیوز) پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جاپان سے قبل جاپانی حکومت کے اعلیٰ ترین عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ موجودہ عالمی حالات، پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور عالمی حالات کے باعث وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ جاپان انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے اپنے دورہ جاپان کے پہلے مرحلے میں اپنے جاپانی ہم منصب شیگیو یامادا سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں حکام نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ سیاسی تعلقات کا جائزہ لیا اور اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائےگی۔ مذاکرات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
بلاول بھٹو کے دورے سے قبل جاپانی حکام سے سیکرٹری خارجہ کی ملاقاتیں
















