پی جی ایم ڈی پروگرام پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں میں شروع کیا جائےگا :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر احتشام الحق، ایڈیشنل سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ وسیم، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر را¶، جناح ہسپتال سے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر چوہدری، میوہسپتال سے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر سلمان کاظمی، وائی ڈی اے پنجاب سے مدثر اشرفی ودیگر نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید کو بریفنگ دی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں ڈاکٹرز کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کیلئے انقلابی قدم اٹھا رہا ہے۔ پنجاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کے آغاز سے ڈی ایچ کیوز اور ٹی ای کیوز میں ڈاکٹرز کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں میں شروع کیا جائےگا۔ 100 سیٹیں ایم سی پی ایس اور سو سیٹیں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ کیلئے مختص کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کیلئے ایک مربوط ڈیش بورڈ ڈیزائن کیا جائےگا۔ پنجاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام میں داخلہ کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اینٹری ٹیسٹ لے گی۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ڈاکٹر کو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام میں داخلہ کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے این او سی لینا ہوگا۔ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کا اکیڈمک کیلنڈر ہر سال دسمبر کے مہینے میں جاری کیا جائےگا۔