آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیت لیا

برمنگھم (مشرق نیوز) آسٹریلیا نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ کو دو وکٹ سے ہرا دیا،281 رنز کے تعاقب میں پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے نویں وکٹ پر 55 رنز کی ناقابل شکست شراکت لگائی اور اپنی ٹیم کو ایشیز سیریز میں ایک صفر کی برتری دلا دی۔برمنگھم میں ٹیسٹ کے آخری دن پہلا سیشن بارش کی نذر ہوگیا، دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے 281 رنز کے تعاقب میں 107رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز آگے بڑھائی۔پہلے انگلش بولرز حاوی آ گئے، بولینڈ کو براڈ نے آﺅٹ کیا، معین علی نے ٹریوس ہیڈ کو چلتا کیا، ایسے میں عثمان خواجہ آسٹریلیا کی امید بنے رہے، پہلے کیمرون گرین نے ان کا ساتھ دیا۔رابنسن نے گرین کو آﺅٹ کر دیا، پھر ایلکس کیری آئے تاہم دوسرے اینڈ پر کھڑے عثمان خواجہ کو بین سٹوکس نے بولڈ کر دیا وہ 65 رنز بنا سکے۔ایلکس کیری 20 رنز بنا کر جوروٹ کا شکار بن گئے، اب آسٹریلیا کو جیت کیلئے 54 رنز اور انگلینڈ کو صرف 2 وکٹیں درکار تھیں۔پیٹ کیمنز اور نیتھن لیون کریز پر ڈٹ گئے، کپتان کمنز نے چھکے چوکے بھی لگائے، دونوں نے نویں وکٹ پر 55رنز کی ناقابل شکست شراکت لگائی اور آسٹریلیا کو دو وکٹ سے فتح دلا دی۔ کمنز 44 اور نیتھن لیون 16رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، پانچ ٹیسٹ کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری مل گئی۔