آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے الٹے سیدھے تک ہوگئے: وزیراعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف ن لیگ کے بلامقابلہ نائب صدر منتخب، مریم نواز سینئر نائب صدروچیف آرگنائزر، احسن اقبال جنرل سیکرٹری، مریم اورنگزیب سیکرٹری اطلاعات، عطا ءتارڑ ڈپٹی سیکرٹری، اسحاق ڈار فنانس سیکرٹری اوورسیز کے صدر بن گئے،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جہاں انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی، کونسل میں ن لیگ کے کئی عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا،شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر، مریم نواز شریف سینئر نائب صدر، احسن اقبال جنرل سیکرٹری، مریم اورنگزیب سیکرٹری اطلاعات، عطا تارڑ ڈپٹی سیکریٹری، اسحاق ڈار فنانس سیکرٹری اوورسیز کے صدر منتخب ہوئے، تمام عہدے دار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں،بعدازاں مسلم ن کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر شہباز شریف نے تمام منتخب ہونے والے اراکین کو مبارک باد پیش کی اور کہاضروری میٹنگ کی وجہ سے تقریر مختصر کروں گا، پہلی بات یہ ہے کئی بار میں نے جنرل کونسل کے اجلاس کو مدت ختم ہونے کے باوجود مو¿خر کروایا، میری کوشش تھی نوازشریف پاکستان واپس تشریف لے آئیں اور یہ امانت ان کے حوالے کردوں مگر بعض وجوہات کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا،انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کی تلوار ہمارے سروں پر لٹک رہی تھی جس کی وجہ سے انٹرپارٹی الیکشن کا انعقاد کرنا پڑا، میں سب کا مشکور ہوں، آپ نے ہم پر بھروسہ کرتے ہوئے بلامقابلہ منتخب کروایا، تنظیمی عہدے نوازشریف کی امانت ہیں، ان کی واپسی پر ہم یہ واپس کردیں گے،شہباز شریف نے کہا مریم نواز نے بطور چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بہت محنت کی، یہ بہت باہمت بچی ہے جو ملک کے ہر کونے میں جارہی ہے، ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس کو نوازشریف کی ضرورت ہے اور جب وہ پاکستان واپس آئیں گے تو ملک کا سیاسی و معاشی نقشہ بدل جائے گا،انہوں نے کہا نوازشریف کی غیر موجودگی کے باوجود کارکنان اور قیادت نے بہت زیادہ حوصلے سے کام کیا اور جیلوں تک میں گئے مگر اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا، ہم نے جن حالات میں اقتدار سنبھالا وہ کانٹوں کا سٹیج تھا، اسحاق ڈار رات دن جس طرح ملک کی معیشت بہتر کرنے کے لیے محنت کررہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے،وزیر اعظم نے کہا ہم ملکی مفاد کی خاطر آئی ایم ایف سے بات کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ان کی شرائط ماننے کے لیے الٹے سیدھے بھی ہوگئے ہیں، ہماری کوشش ہے عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ مختصر مدت کا ہی معاہدہ ہوجائے تاکہ ہم بڑے معاشی چیلنجز سے نکل جائیں،انہوں نے کہا آئی ایم ایف کے پاس ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، آپ لوگ دعا کریں ہمارا معاہدہ ہوجائے، امید ہے اللہ دعا سنے گا اور پھر پاکستان کے سارے مسائل حل ہوجائیں گے، وزیر اعظم نے کہا میری خواہش ہے نواز شریف وطن واپس آکر الیکشن لڑیں اور وزیراعظم بنیں پھر میں ان کے سپاہی کے طور پر کام کروں گا،شہباز شریف نے کہا اسحاق ڈار ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے اپنی صحت تک خراب کرچکے ہیں، ایسے میں ان پر الزامات لگانے اور تنقید کرنے والے کو مسلم لیگ ن میں رہنے کا کوئی حق نہیں ، اس موقع پرمسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا جب حکومت سنبھالی تو پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، مشکل ترین حالات کے باوجود وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی معیشت کو چلایا،شہباز شریف نے ہمیشہ نواز شریف کو اپنا صدر مانا ہے، منتخب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو محمد شہباز شریف نے سہارا دیا،مریم نواز نے کہا نواز شریف مسلم لیگ ن کے ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں، کارکنوں کے چٹان کی طرح ساتھ دینے پر آج پارٹی مضبوط ہے، شہباز شریف نے کوئی بھی فیصلہ نواز شریف کے مشورے کے بغیر نہیں کیا،مشکلات کے باوجود نواز شریف نے صبر و اعلیٰ اخلاق کا دامن نہیں چھوڑا، نواز شریف نے کبھی قوم کو توڑ پھوڑ اور جلاو¿ گھیراو¿ کا درس نہیں دیا، لیڈر قوم کا استاد ہوتا ہے اور لیڈر قوم کے لیے مثال ہوتا ہے،دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ رانا ثناءنے کہا ہم نے صوبے میں تنظیم مکمل کی ہے، پارٹی کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کرنے کا پروگرام بنایا ہے،پارٹی کے تمام ونگز کو پوری طرح متحرک کیا ہے، مریم نواز نے ہر سطح کے ذمہ داروں سے ملاقاتیں کیں، مریم نواز نے پنجاب کی تمام ڈویژنز کا دورہ کیا،جو کہتا تھا بہت مقبول ہوں آج ملاقاتوں کیلئے بھیک مانگ رہا ہے، اللہ تعالی نے ہمارے قائد کو سرخرو کیا، وہ کہتا تھا کسی کو نہیں چھوڑوں گا، آج سب نے اس کو چھوڑ دیا، سب اس کی پارٹی کوچھوڑ کر بھاگ رہے ہیں،مشکل وقت میں ہمارے کسی رہنما یا کارکن نے پارٹی کو نہیں چھوڑا، مریم نواز کو والد کے سامنے اس لیے گرفتار کیا گیا اس کا حوصلہ توڑا جا سکے،پنجاب میں پوزیشن مستحکم ہے، مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو ٹکٹ دینگے۔