پانامہ کیس:7 سال بعد یاد آیا کہ 436 پاکستانیوں کیخلاف جوڈیشل کمیشن بنایا جائے؟ سپریم کورٹ

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کیس میں جماعت اسلامی کی 436 پاکستانیوں کے خلاف عدالتی تحقیقات کی درخواست پر کہا ہے کہ آپ کو سات سال بعد یاد آیا کہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے؟ اس وقت کیا مقصد صرف ایک ہی فیملی کے خلاف پانامہ کیس چلانا تھا؟ سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرز کیس میں 436 پاکستانیوں کےخلاف تحقیقات کیلئے دائر درخواست پر جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اس دوران جماعت اسلامی کے وکیل نے ان پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی استدعا کردی۔ جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیے کہ آپکو 7 سال بعد یاد آیا کہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے؟ اس وقت کیا مقصد صرف ایک ہی فیملی کےخلاف پانامہ کیس چلانا تھا ؟ وہ بھی پانامہ کا معاملہ تھا یہ بھی پانامہ کا معاملہ ہے، ا±س وقت عدالت کے سامنے کیوں نہ کہا یہ سب لوگوں کا معاملہ ہے ساتھ سنا جائے؟ عدالت نے جماعت اسلامی کے وکیل سے استفسار کیا کہ 2017 میں 436 پاکستانیوں کے خلاف درخواست آپکی استدعا پر ڈی لنک کیا گیا؟ دوران سماعت جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ میں کہنا نہیں چاہتا مگر یہ مجھے کچھ اور ہی لگتا ہے، اس وقت بینچ نے آپ کو اتنا بڑا ریلیف دے دیا تھا آپ نے اس بینچ کے سامنے کیوں نہیں کہا اس کو ساتھ سنیں؟ آپ نے 7 سال میں کسی ادارے کو درخواست دی کہ تحقیقات کی جائیں؟ آپ نے اپنی ذمہ داری کہاں پوری کی؟ نیب یا کسی اور ادارے کو تحقیقات کا حکم دےدیں؟ سارے کام اب یہاں سپریم کورٹ ہی کرے؟ 436 بندوں کو نوٹس دیے بغیر ان کے خلاف کارروائی کا حکم کیسے دیں؟ عدالت نے استفسار کیا کہ ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، نیب سمیت تحقیقاتی اداروں کی موجودگی میں سپریم کورٹ تحقیقات کیسے کراسکتی ہے؟ سپریم کورٹ نے تحقیقاتی اداروں کی موجودگی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا تو یہ کام کیسے کریں گے؟ بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔