مئی میں 34216 ٹریفک حادثات میں 271 افراد جاں بحق ہوئے:ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ نے ماہ مئی2023کے دوران پنجاب بھر میں سات منٹ کے اوسط رسپانس ٹائم کے ساتھ 146492ایمرجنسیز کو رسپانڈ کرتے ہوئے139574متاثرین کو سروسزفراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ146492 ایمرجنسیزمیں34216 روڈ ٹریفک حادثات، 91358میڈیکل ایمرجنسیز،2588آتشزدگی کے واقعات، 4035جرائم کے واقعات،103 ڈوبنے کے واقعات،97عمارتیں گرنے،1256جانوروں کو ریسکیو کرنے اور12839 متفرق آپریشن شامل ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے تمام ونگز کے سربراہان شریک تھے۔اس موقع پر صوبائی مانیٹرنگ سیل کے سربراہ نے سیکرٹری ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرکو ماہانہ ایمرجنسی کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 34216 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 271 افراد جاںبحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر ٹریفک حادثات 7726 لاہور میں ہوئے جن میں37 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں2367،ملتان میں2239، گوجرانوالہ میں2072،شیخوپورہ میں1418،راولپنڈی میں1359 جبکہ باقی 30اضلاع میں17035 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔اسی طرح آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں655، فیصل آباد میں181، راولپنڈی میں153، شیخوپورہ میں151،گوجرانوالہ میں118 اورسیالکوٹ میں104 رپورٹ ہوئے ۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب میں نہروں، ندی نالوں اور جوہڑوں سمیت مختلف مقامات پر ڈوبنے کے 103 واقعات میں 73 افراد المناک طور پر جاں بحق ہوئے۔ ڈوبنے کے کل حادثات میں سے 58 نہروں، 12 ندی نالوںاور چھ سیوریج ڈرین وغیرہ میں پیش آئے۔ 53افراد نہروں میں، سات ندی نالوں میں، دو سیوریج نالوں میں، اور گیارہ جوہڑ وتالاب وغیرہ میںڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے سیلاب کی زد میں آنے والے اضلاع میں سیلاب سے نبردآزما ہونے کیلئے تیاری و انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب کے ہنگامی منصوبوں کی صحیح معنوں میں ریہرسل کو یقینی بنائیں تاکہ شہری سیلاب کی صورت میں بروقت مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران پر زور دیا کہ وہ موٹر بوٹس اور دیگر متعلقہ آلات کی جانچ کیلئے فرضی مشقوں کو یقینی بنائیں اور ہنگامی انخلاءکی مشقوں کا بھی اہتمام کریں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے پنجاب بھر میں ڈوبنے کے واقعات میں 73 جانوں کے المناک نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ نہروں، ندیوں اور دیگر تفریحی مقامات پر نہاتے ہوئے حفاظتی پروٹوکول کی پابندی کریں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔