ٹی 10 منتظمین کا یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے افتتاحی سیزن کا اعلان

ابوظہبی (مشرق نیوز) ابوظہبی ٹی 10 کے منتظمین ٹی ٹین گلوبل سپورٹس کی جانب سے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے افتتاحی سیزن کا اعلان کردیا گیا۔یواے ای کے بعد اب امریکہ کی سرزمین پر چوکوں چھکوں کی بہار دیکھنے کو ملے گی، امریکہ میں مقیم کرکٹ کے دیوانوں کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی۔دنیائے کرکٹ کے تیز ترین فارمیٹ ٹی 10 کے 6 کامیاب ایڈیشنز کے بعد اب امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے میدان ٹی 10لیگ سے آباد ہوں گے۔امریکی شہر ڈیلاس میں اس حوالے سے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے منتظمین کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں ٹی 10 گلوبل سپورٹس کے چیئرمین نواب شاہ جی الملک، کوآرگنائزر امت پٹیل، پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق اور نیوزی لینڈ کے آل رانڈر کورے اینڈرسن شریک تھے۔اس موقع پر امت پٹیل کا کہنا تھا کہ وہ اس تیز رفتار، دھماکا خیز کرکٹ فارمیٹ کو امریکہ میں لانے کیلئے پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے پوری دنیا مداح موجود ہیں جو اپنے ہیروز کو دوبارہ میدان میں پرفارم کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔