اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی، راولپنڈی میں انشورنس ٹریبونل قائم کرنے کی منظوری دےدی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، شرکا نے 9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کیخلاف پرتشدد مظاہروں میں ملوث شرپسندوں کےخلاف کارروائی کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ شرپسندوں کو نشان عبرت بنانے کیلئے فیصلوں پر حرف بحرف عملدرآمد کیا جائےگا۔ 9 مئی کے سیاہ دن فوجی و سول املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، فوجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو گا۔
وفاقی کابینہ نے راولپنڈی میں انشورنس ٹریبونل قائم کرنے کی منظوری بھی دےدی، نئے ٹریبونل پر کوئی اضافی اخراجات نہیں آئیں گے، موجودہ احتساب عدالت نمبر 4 کو انشورنس ٹریبونل میں تبدیل کیا جائےگا۔
وزیراعظم نے پاک ایران سرحد کے دورے پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کی ذاتی دلچسپی اور وزیراعظم کی ذاتی نگرانی میں ایران سے100 میگا واٹ سستی بجلی کی درآمد کا منصوبہ قلیل مدت میں مکمل ہوا جوعرصہ دراز سے التواءکا شکار تھا، منصوبے سے جنوبی بلوچستان خصوصاً گوادر میں بجلی کی ترسیل یقینی بنائی گئی، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں ترقی و خوشحالی آئےگی۔ اسی طرح”مندپشین بارڈر مارکیٹ“ کا بھی افتتاح کیا جس سے پاک، ایران سرحد کے دونوں اطراف کے رہائشیوں کےلئے کاروبار و روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے اور ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا۔
شہبازشریف نے کہاایرانی صدر نے پاک ایران تجارت کے باہمی فروغ میں بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی و شمسی توانائی کے شعبوں میں تعاون پر مفید بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے کہا وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد ایران کا دورہ کرےگا تاکہ تمام امور پر ٹھوس پیشرفت ہو، دونوں ممالک نے 900 میل طویل سرحد پر کراس بارڈر ٹیررارزم کو روکنے کےلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور سکیورٹی نظام کو مزید بہتر کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ ایرانی صدرنے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔
وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو سعودی عرب کےساتھ دستخط کئے گئے ”روڈ ٹو مکہ“ معاہدے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیاجس سے پاکستانی حاجیوں کی کثیر تعداد مستفید ہوسکے گی۔ معاہدے کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ سے 26143 پاکستانی حاجیوں کی امیگریشن کا عمل اسلام آباد ائرپورٹ پر ہی ہوگا اور وہ سعودی ایئرپورٹ پر لمبے انتظار سے بچ جائیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ناجائز منافع خوروں کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے، پٹرولیم قیمتوں میں 11 فیصد کمی کے تناسب سے کرایوں اور اشیائے ضروریہ و خورونوش کی قیمتوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔
دریں اثنا اپنی ٹوئٹ میںوزیراعظم شہبازشریف نے کہا مند پشین بارڈر مارکیٹ اورگبد پولان ٹرانسمیشن لائن منصوبوں سے سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کےساتھ انتہائی تعمیری ونتیجہ خیز ملاقات ہوئی، دو طرفہ تعلقات کے فروغ کےلئے اجتماعی کوششوں کو تیزکرنے پر اتفاق کیا گیا، مستقبل کے تعاون کے روڈ میپ کےلئے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور بجلی کے شعبوں کو ترجیحات بنایا، مقصد کےلئے آزاد تجارتی معاہدے پر کام کی رفتار تیزکرنے کوترجیح دی جائےگی، سرحدی منڈیوں کے ذریعے تجارت کی بڑی گنجائش سے استفادہ کریں گے، مند پشین بارڈر مارکیٹ 6 سرحدی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن اور ابوظہبی پورٹس کے چیئرمین شیخ احمد دلموک المکتوم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کےساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے ابوظہبی پورٹس کا پاکستان کی بندرگاہوں و شپنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے مقصد سے کا 2ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، وزیراعظم نے یقین دلایا متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن حکومتی تعاون فراہم کیا جائےگا۔
فوجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوگا،وفاقی کابینہ
















