پٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس، ڈالر کو کنٹرول کیا جائے :تاجروں کا حکومت سے مطالبہ

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) کاروباری برادری نے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے اور ڈالر کی اونچی اُڑان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت واپس لینے اور ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید آل پاکستان انجمن تاجران کے سینئر رہنما وقار احمد میاں، میاں سلیم، سینئر تاجر رہنما محمد علی میاں، پیاف چیئرمین فہیم الرحمان سہگل، قومی تاجر اتحاد کے رہنماو¿ں سید ممتاز حسین بخاری اور چوہدری اسلام اور ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے کہا کہ کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لے اور ڈالر کی قیمت پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے ورنہ بزنس کمیونٹی کی حالت اور خراب ہوجائے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافوں کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور عام آدمی کیلئے جو تباہی آرہی ہے وہ سوچ سے بھی باہر ہے، ایک طرف ڈالر آسمان سے بات کررہا ہے تو دوسری طرف حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تمام ریکارڈز توڑ دئیے ہیں۔ ان سے بزنس کمیونٹی اور عام آدمی کیلئے تباہی کی بہت بڑی لہر آئےگی جو سب تباہ کردےگی۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی اور وفاقی و صوبائی وزراءکیلئے مفت پٹرول کی فراہمی فوری بند کردی جائے تاکہ انہیں بزنس کمیونٹی اور عوام کی مشکلات کا اچھی طرح سے احساس ہوسکے ڈیزل کی قیمتوں میں ریکار ڈ اضافوں سے ایگریکلچر سیکٹر تباہ ہورہا ہے کیونکہ مشینری اور ٹیوب ویل ڈیزل سے چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کرتے ہوئے یہ نہیں سوچا ہے کہ نتیجہ کیا نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سیکٹرز کی ان پٹ کاسٹ میں اور اضافہ ہوجائےگا جس کی وجہ سے انکم اور خرچ کے درمیان بیلنس بگڑ جائے گااور انڈسٹری کو مزید تباہی کا سامنا کرنا پڑےگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ڈالر کی قیمت نیچے لائے۔ اس کے علاوہ بیوروکریسی اور وفاقی و صوبائی وزراءکیلئے مفت پٹرول کی فراہمی فورا بند کردی جائے تاکہ انہیں بزنس کمیونٹی اور عوام کی مشکلات کا اچھی طرح سے احساس ہوسکے۔