اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن التواءکیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطاءبندیال جذباتی ہوگئے، ریمارکس دیتے ہوئے ان کی آواز بھر آئی، انہوں نے کہا کہ جسٹس مظاہر کو بینچ میں شامل کرنا کسی کو خاموش پیغام دینا تھا، سپریم کورٹ نے فل کورٹ کی تشکیل کی اٹارنی جنرل کی درخواست مسترد کر دی۔ اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب اور کے پی انتخابات ملتوی کیس کیلئے نیا بینچ تشکیل دےدیا، اس ضمن میں سپریم کورٹ نے سپلیمنٹری کاز لسٹ جاری کر دی۔ کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطاءبندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہیں۔ نئے بینچ کے ساتھ دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو پاکستان بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کونسل حسن رضا پاشا روسٹرم پر آ گئے جنہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے فل کورٹ بنانے کی استدعا کر دی۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاءبندیال نے کہا کہ آپ کو بعد میں سنیں گے۔ حسن رضا پاشا نے کہا کہ بار کا کسی کی حمایت یا مخالفت سے کوئی تعلق نہیں، اگر فل کورٹ بینچ نہیں بن سکتا تو فل کورٹ اجلاس کر لیں۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاءبندیال نے کہا کہ اس پر ہم سوچ رہے ہیں، جہاں تک ججز کے تعلقات کی بات ہے تو ججز کے آپس میں تعلقات اچھے ہیں، کل اور آج 2 ججوں نے سماعت سے معذرت کی، ججز کے درمیان باہمی اعتراف اور شائستہ گفتگو پہلے بھی ہوئی اور بعد میں بھی، کچھ نکات پر آپس میں گفتگو ناگزیر ہے، کچھ سیاسی معاملات سامنے آئے جن پر میڈیا اور پریس کانفرنسز سے تڑکا ڈالا گیا، عدالت نے سارے معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کیا، کچھ لوگ چند ججز پر تنقید کر رہے ہیں کچھ دوسرے ججز پر، ہم اس معاملے کو بھی دیکھیں گے۔ اس موقع پر پاکستان بار کونسل نے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان سے فل کورٹ بنانے کی استدعا کر دی۔
فل بینچ کی استدعا مسترد، جسٹس مظاہر کو شامل کرنا خاموش پیغام دینا تھا: چیف جسٹس
















