ریسکیو کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں،صلاحیتوں کو بہتر بنائیں گے،ایاز صادق

لاہور(کرائم رپورٹر)چالیسویں بیسک ریسکیو کورس کی پاوسنگ آوٹ پریڈ کی پروقار تقریب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ہوئی،تقریب میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، پراجیکٹ کوادڈینیٹر سندھ مس صوبیہ عابد، سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی ریسکیو گلگت بلتستان،پنجاب حکومت، ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے افسران بھی تقریب میں شریک تھے۔

بڑی تعداد میں ریسکیورز، ان کے والدین اور اہل خانہ نے بھی پریڈ کا مشاہدہ کیا،سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاس آوٹ ہونے والے381 ریسکیورز سے حلف لیا اور انہیں ان کی پیشہ ورانہ تربیت کی کامیاب تکمیل اور اس زندگیاں بچانے والی سروس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔ ان ریسکیورز کو سندھ میں ایمرجنسی سروس کے قیام اور گلگت بلتستان میں سروس کی توسیع کیلئے تربیت دی گئی ہے۔ سندھ اور گلگت بلتستان کے ریسکیورز نے 6 ماہ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد پاسنگ آوٹ پریڈ کے دوران اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا بھی مظاہرہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایازصادق نے کہا کہ ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں وزیر اعظم کی نمائندگی کرتے ہوئے بہت خوش ہوں۔معاشرے کو احساس تحفظ فراہم کرنے میں ریسکیو 1122کا رول کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ریسکیوراپنی جان کو مشکل میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے آگ ، دھوئیں، پانی اور گرتی عمارتوں کے اندر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر خود کو جھونک دیتے ہیں۔ ترکیہ میں پاکستان ریسکیو ٹیم نے سب سے پہلے پہنچ کے جس طرح منہدم عمارتوں سے لوگوں کو زندہ ریسکیو کیا اس نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے۔

میںڈاکٹر رضوان نصیر کو ریسکیو 1122کو ایک غیر سیاسی اور پیشہ وارانہ مہارتوں سے لیس ادارہ بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ پنجاب ریسکیو ،سندھ ریسکیو،خیبرپختونخواہ ریسکیو کی بجائے پاکستان بھر میں پاکستان ریسکیو ہونی چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ڈاکٹررضوان نصیر کو اپنے آفس میں دوسرے ممالک کو بریفنگ دینے کیلئے بلاﺅں گا تاکہ یہ ایک دوسرے سے سیکھنے کا عمل جاری رہے اور اس سے مزید جانوں کو بچایا جاسکے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاوید اکرم نے کہا کہ میں خود کو ریسکیو1122ٹیم کا حصہ سمجھتا ہوں اور ڈاکٹررضوان نصیر کو بہترین ٹریننگ فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس اپنی صلاحیتوں کا بہتر استعمال کرتے ہوئے لوگوں کے کام آئیں گے،ریسکیو 1122 سندھ کی پراجیکٹ ڈائریکٹر مس صوبیہ عابد نے حکومت سندھ کی جانب سے پاس آوٹ ہونے والے ریسکیورز اور ریسکیو کیڈٹس کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے سندھ میں ریسکیو سروس کے قیام کیلئے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ذریعے مفت تربیت فراہم کرنے پر وزیر اعظم پاکستان اور حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سندھ کے کیڈٹس کو تربیت دینے پر ایمرجنسی سروسزاکیڈمی کے انسٹرکٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے سندھ کے کیڈٹس کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پرڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں اکیڈمی کے انسٹرکٹرز اور اس کی پوری انتظامیہ کی تعریف کی۔