لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے جاری پولیس کریک ڈان کو مزید سخت کیا جائے، بالخصوص سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈز نادرا کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن سے کینسل کروائے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ جو اشتہاری بیرون ملک مفرور ہیں، انٹرپول، ایف آئی اے کے تعاون سے کاروائیوں کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر کے مدعیوں سے قریبی رابطے رکھتے ہوئے ان کے پاسپورٹس منسوخ کروائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسران اشتہاریوں کی گرفتاری کے ٹارگٹس پورا کرنے کیلئے بھرپور محنت، لگن اور صدق دل سے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں اورمقدمات کے مدعیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ معلومات کے تبادلے سے اشتہاریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔ڈاکٹر عثمان انورنے ہدایت کی کہ قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے لاکر بہترین انتظامات کئے جائیں اور پی ایس ایل میچز کیلئے آنے والے تمام کھلاڑیوں،میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام بڑے تعلیمی اداروں اورہاسٹلزکے گردونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈان میں تیزی لائی جائے اور منشیات فروشوں کے خلاف آپریشنز کیلئے تعلیمی اداروں کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ماڈرن نشہ آور منشیات بالخصوص آئس سمیت تمام منشیات کے لعنت کے جڑ سے خاتمے کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوز خود کومبنگ آپریشنز کی نگرانی کریں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں نہ کرنے والے افسران خود کو کسی رعایت کا مستحق نہ سمجھیں۔ آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کے شہدا کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ دوران ملازمت انتقال کرنے والے تمام پولیس اہلکاروں کے بچوں کو بھی بھرتی کے دوران ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بچوں کے ساتھ زیادتی، گمشدگی اور اغوا سمیت دیگر واقعات پر بطور خاص فوکس کیا جائے، انہوں نے سی سی پی او لاہور کو کہاکہ بچوں سے زیادتی سے متعلقہ کوئی کیس زیر التوا نہ رہے،15روز بعد دوبارہ اپ ڈیٹ لوں گا۔ آئی جی پنجاب نے 2022کے زیر التوا مقدمات کی تمام مثلوں کو ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سی سی پی او آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات کے قلع قمع اور بچوں سے متعلقہ جرائم کے خاتمے کیلئے احکامات جاری کئے، دوسری طرف پنجاب پولیس کے ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس اور ایسپائر گروپ آف سکولز اور کالجز کے درمیان ایم او یو سائن ہوگیا ہے جس کے تحت پولیس شہدا کے بچوں کو ایسپائر گروپ کے زیر انتظام چلنے والے سکولز اور کالجز میں بالکل فری تعلیم، ایڈمیشن اور یونیفارم ملیں گے جبکہ حاضر سروس اور ریٹائر ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ٹیوشن فیس اور یونیفارم خریداری پر 50 فیصد ڈسکانٹ دیا جائے گا۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا جبکہ ایسپائر گروپ سے سی ای او سیدہ نازش عمر نذرشاہ اورگروپ منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد نے ایم او یو پر دستخط کئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین سکولز اور کالجز میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر کو وارننگ،جواب دیا تو منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا،محسن نقوی
وسائل پر حق تسلیم کریں تو لوگ پہاڑوں سے واپس آجائیں گے،حافظ نعیم الرحمن
بلوچستان،خیبر پختونخوا میں حملے، کانسٹیبل شہید،متعدد افراد زخمی،3 دہشتگرد ہلاک
سکھ یاتریوں کاپاکستان آمد پر پرتپاک استقبال،پھول نچھاور
پی پی گورنرکے آئینی کردار ،وفاق سے رابطوں کو متنازع نہ بنائے،طارق فضل چودھری
امریکہ ،ایران مذاکرات کی کامیابی عالمی معیشت کے مفاد میں ہے، بلاول بھٹو
سکھ یاتریوں کو خوش آمدید،پاکستان پنجاب امن،محبت کی سرزمین ہے،مریم نواز
پاک چین دوستی کا تاریخ ساز سنگ میل ،شین زو24کی کامیاب لانچنگ مشق
حالات ٹھیک ہوتے ہی گورنر راج ختم کر دیا جائے گا،گورنر کے پی
ایران کے بحرین پر حملے،پاکستانی شہری سمیت 2 افراد زخمی
















