پاکستان کو ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کےلئے بندرگاہوں کی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے،شہباز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کاروبار بڑھانے ،معاشی ترقی کےلئے بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ، پاکستان کو خطے میں ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کےلئے بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاملک کی بندرگاہوں پر تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں،کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کےلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں، بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس و دیگر متعلقہ امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو عالمی معیار کے مطابق مسابقتی ادارہ بنانے کےلئے جامع اصلاحات وقت کی ضرورت ہے، پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کےلئے قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے۔