”اپنی چھت، اپنا گھر“ اقوام متحدہ کے سکرول آف آنر ایوارڈ کیلئے منتخب


لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکافلیگ شپ پراجیکٹ،”اپنی چھت، اپنا گھر“ ایک اور ایوارڈ کےلئے نامزد ،دنیا کے 5کامیاب ترین ہاوسنگ منصوبوں میں شامل ،اقوام متحدہ کے سکرول آف آنر ایوارڈ کےلئے منتخب کرلیاگیا،یونائیٹڈ نیشن ہیبی ٹیٹ(Habitat) نے ”اپنی چھت، اپنا گھر“پروگرام کو سکرول آف آنر ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔

اقوام متحدہ کی طرف سے دنیا بھر سے ہر سال صرف 5پروگرام کو سکرول آف آنر ایوارڈ کےلئے نامزد کیا جاتا ہے،دنیا بھر میں جاری پراجیکٹ کے مسابقتی ،جامع جائزے کے بعد”اپنی چھت اپنا گھر“ کو منتخب کیاگیا،اقوام متحدہ کے سکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب آئندہ ماہ مسقط سلطنت عمان میں ہوگی،مسقط میں 6 سے 8 اکتوبر تک ہاوسنگ ،شہری ترقی پر خصوصی سیمینار اور ورکشاپ ہوں گی، اپنی چھت، ،اپنی چھت، ا پنا گھر کو پاکستان کی سب سے بڑی اور پہلی مکمل ڈیجیٹل ہاوسنگ فنانس سکیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوزون کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہااوزون کی تہہ سورج کی خطرناک شعاعوں کےخلاف قدرتی ڈھال کا کام کرتی،ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچاو کیلئے اوزون کے تحفظ کے اقدامات ضروری ہیں، اوزون تہہ کا تحفظ نئی نسل کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ،پہلی مرتبہ پنجاب میں گرین فیوچر کےلئے جامع ماحولیاتی پالیسی نافذ کی گئی، پنجاب حکومت کلین اینڈ گرین پنجاب کے ویژن پر عملی اقدامات کر رہی،شجرکاری، سموگ کا خاتمہ اور گرین انرجی ترجیح ہے،پنجاب میں 50 ہزار ایکڑ اراضی پر شجر کاری کی گئی، 5 کروڑ درخت لگائے گئے، کلین انرجی ویڑن کے تحت ہر ضلع اور تحصیل تک گرین الیکٹرو بس سروس چلا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں طلبہ،خواتین اور عوام کو بھی الیکٹرک بائیک دی جا رہی ہے ،گرین ٹیکسی سے ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ، ماحولیات کے تحفظ کےلئے اڑھائی سال میں اتنا کام ہوا جتناکئی دہائیوں میں نہیں ہوسکا،پنجاب سرسبز و شاداب مستقبل کی طرف بڑھ رہاہے ،محفوظ ماحولیاتی مستقبل کا سفر اب نہیں رکے گا،عوام بالخصوص نوجوان ماحول دوست طرز معاشرت اپنا کر اوزون کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کریں۔

علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے مکہ مکرمہ میں ڈرون حملے کو افسوسناک قراردیتے ہوئے کہامکہ مکرمہ ہر مسلمان کےلئے عقیدت ،محبت کا مقدس ترین مقام ،ڈرون حملے سے ہونےوالا دکھ ناقابل برداشت ہے۔