راولپنڈی ریڈ زون میں سکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس فورس تعینات

راولپنڈی (مشرق نیوز) راولپنڈی ملکی حالات کے تناظر میں سیکورٹی یقینی بنانے کے پیش نظر ریڈ زون میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ راولپنڈی ریڈ زون میں اہم سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کی سکیورٹی کیلئے بھی فول پروف اقدامات کئے گئے۔ مال روڈ سے اولڈ ایئرپورٹ تک 8 مختلف مقامات پر خصوصی پولیس پکٹس قائم کر دی گئیں۔

ایم ایچ چوک، ٹی ایم فلیش مین چوک اور صدر میٹرو اسٹیشن پر پولیس پکٹس قائم کی گئی جبکہ ٹی اینڈ ٹی چوک، ارے بازار روڈ، 22 نمبر چونگی اور شالیمار چوک معرکہ حق سکوائر پر بھی پکٹس قائم کر دی گئی۔ پولیس پکٹس پر 12، 12 گھنٹوں کی دو شفٹوں میں 24 گھنٹے اہلکار تعینات کئے گئے۔ راولپنڈی ریڈ زون کو 4 سیکٹرز میں تقسیم کرکے 24 گھنٹے مسلسل موبائل پولیس گشت کا بھی انتظام کیا گیا۔

پولیس کے ساتھ ایلیٹ کمانڈوز بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں، مال روڈ سے اولڈ ایئرپورٹ تک بھی اہم مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ ڈولفن فورس کو بھی مخصوص علاقوں میں 24 گھنٹے پٹرولنگ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ پولیس پکٹس اور پٹرولنگ پر تعینات اہلکاروں کو ڈیوٹی پر مستعد رہنے کی ہدایت کی گئی۔

ریڈ زون کی سکیورٹی کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب کریں گے، کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ذمہ داری سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا خود سرانجام دے رہے ہیں۔