دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے پرعزم، پائیدار ا من واستحکام یقینی بنائینگے،فیلڈ مارشل

راولپنڈی،پشاور(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی دستوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن ،استحکام کے قیام کےلئے پرعزم ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ ،انسداد دہشتگردی آپریشنز ، سرحدی انتظام کی تفصیلات ،سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا،سید عاصم منیر نے افسروں ،جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری ،پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ،ملک اور عوام کے تحفظ کےلئے ثابت قدمی کو سراہا،فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے ،اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشتگردی کو شکست دینے ،ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کےلئے پرعزم ہیں،سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا،پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔

کوئٹہ (بیورورپورٹ)آپریشن شعبان 2 ،سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک ،9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا،دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا،کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔