حکومت عوام کو مرغی کے سستے گوشت کی فراہمی کیلئے اقدامات میں ناکام ہے :طارق جاوید

لاہور(انٹروےو: نعےم جاوےد/ عکاسی: واحد شہزاد) پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق جاوید نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو سستی مرغی فراہم کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث شہری مہنگی مرغی خریدنے پر مجبور ہیں۔ روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کیلئے حکومت باقاعدہ احکامات جاری کرتی ہے، اسی طرح مرغی کے گوشت کی قیمت بھی سرکاری سطح پر طے کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے لیکن عملی طور پر مارکیٹ میں اس پر عملدرآمد نظر نہیں آتا اور اکثر دکاندار سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمت پر مرغی کا گوشت فروخت کرتے ہیں جس سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ نہ صرف ریٹ مقرر کرے بلکہ اس پر سختی سے عملدرآمد بھی یقینی بناءایک سوال کے جواب میں طارق جاوید نے بتایا کہ پولٹری انڈسٹری پر تقریباً 70 فیصد تک مختلف ٹیکس عائد ہیں۔ اگر حکومت چوزے سے لیکر مرغی کی خوراک تک عائد ٹیکسوں کو ختم کر دے یا ان میں نمایاں کمی کر دے تو اس وقت تقریباً 600 روپے فی کلو فروخت ہونیوالا مرغی کا گوشت 300 روپے فی کلو تک دستیاب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری صنعت طویل عرصے سے حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ اس شعبے پر عائد ٹیکسوں میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو سستا اور معیاری پروٹین فراہم کیا جا سکے، مگر بدقسمتی سے اس مطالبے پر تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔لاہور میں مرغی کے گوشت کی کھپت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہر میں روزانہ تقریباً 30 سے 35 لاکھ کلو مرغی کا گوشت استعمال ہوتا ہے جبکہ پورے پنجاب میں یہ مقدار 60 سے 65 لاکھ کلو روزانہ تک پہنچ جاتی ہے۔ ان کے مطابق مرغی کا گوشت آج بھی پروٹین کے حصول کا سب سے سستا ذریعہ ہے جبکہ اسکے مقابلے میں گائے اور بکرے کا گوشت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ممکنہ اثرات پر بات کرتے ہوئے طارق جاوید نے کہا کہ اس کے اثرات فوری طور پر مارکیٹ میں ظاہر نہیں ہوتے بلکہ بتدریج سامنے آتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر موجودہ حالات برقرار رہے تو آئندہ ایک ماہ کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 65 سے 70 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے اور جو گوشت اس وقت تقریباً 600 روپے فی کلو دستیاب ہے وہ 900 سے 1000 روپے فی کلو تک پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتی ہے تو اسکے اثرات بھی فوری طور پر نظر نہیں آئیں گے بلکہ جس طرح قیمتوں میں اضافہ مرحلہ وار ہوتا ہے اسی طرح کمی کے اثرات بھی آہستہ آہستہ مارکیٹ میں ظاہر ہوں گے۔ طارق جاوید کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پولٹری صنعت کو ریلیف فراہم کرے اور ٹیکسوں میں کمی کرے تو نہ صرف قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے بلکہ عوام کو سستا پروٹین بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔