ملکی سلامتی، خودمختاری کے تحفظ کےلئے ہر دم تیار ہیں،شہباز شریف

لاہور :(وقائع نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو مستعد و چوکس رہنے، جامع و موثر سکیورٹی یقینی بنانے، وزارت خارجہ کو ایران سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوام ،مسلح افواج ملکی سلامتی، خودمختاری ، علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے ہر دم تیار ہیں۔

ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ وفاقی ،صوبائی اداروں کو ہدایت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جامع ،موثر حفاظتی اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں،تمام ادارے مضبوط باہمی رابطے ،مکمل ہم آہنگی کےساتھ ذمہ داریاں ادا کریں ،ایران سے پاکستانیوں کو آذر بائیجان کے ذریعے بحفاظت واپس لایا جائے ،وزارت خارجہ آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرے۔

شہبازشریف نے کہا چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت افواج پاکستان قومی جذبے کےساتھ بہترین انداز میں فرائض سر انجام دے رہی ہیں،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں قربانیوں پرپوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔