عمران خان کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کا کیس سماعت کےلئے مقرر
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کا کیس 21 جنوری کو سماعت کےلئے مقررکردیا گیا،جسٹس ارباب طاہر شہری غلام مرتضیٰ کی درخواست پر سماعت کریں گے،عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کررکھا ہے۔
ادھر عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی، جج احمد علی شاہ نے کیس پرسماعت کی، وکیل فیصل ملک نے استدعا کی بانی پی ٹی آئی سے قانونی مشاورت کرنی ہے،ملاقات کی اجازت دی جائے،پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے کہا بانی پی ٹی آئی مقدمے میں گرفتار نہیں ،جیل حکام کی تحویل میں ہیں، ملاقات کے اختیارات جیل حکام کے پاس ہیں، معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا،جج امجد علی شاہ نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔
علاوہ ازیں عمران خان سے ملاقات کےلئے پی ٹی آئی کے 14 سینیٹرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا،درخواست میں استدعا کی گئی عمران،بشریٰ کی قید تنہائی ختم کرنے کا حکم ، جیل مینوئل قانون کے مطابق حاصل حقوق دئیے جائیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی کوششوں کے باوجود چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے ملاقات نہ ہو سکی۔
















