اسلام آباد، شادی والے گھر میں گیس دھماکہ، دولہا دلہن سمیت8 افراد جاں بحق

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد میں شادی والے گھر میں گیس لیکج سے دھماکہ، دولہا دلہن سمیت8 افراد جاں بحق،متعدد زخمی ،ہنستا بستا گھر ماتم کدہ بن گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق دھماکے سے پورا علاقہ لرزاٹھا،4 گھر متاثر ،3 مکمل تباہ ،مجموعی طور پر 20 افراد کو باہر نکالا،زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کردیا، صاحبزادہ یوسف نے کہادھماکہ شادی والے گھر میں ہوا، جاں بحق ہونے والوں میں دولہا، دولہا کی والدہ اور دلہن بھی شامل ہیں۔

ترجمان پمز ڈاکٹر انیزہ جلیل نے کہازخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں، دھماکے کے زخمیوں کو چھت گرنے سے زیادہ زخم آئے،چیئرمین سی ڈی اے نے کہا حادثہ گیس لیکج کی وجہ سے ہوا، مکمل تحقیقات کریں گے،رات کے وقت گیس کا استعمال مت کریں،چیف کمشنر نے کہا ہدایات کے مطابق متاثرہ گھروں کے لوگوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کریں گے، ریسکیو ٹیم 5منٹ میں پہنچی ۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق رات گئے تک گھر میں ہیٹر جلتا رہا، گیس لوڈشیڈنگ سے ہیٹر بند ہوگیا، گیس دوبارہ آنے پر تنگ و تاریک گلیاں و گھر ہونے کی وجہ سے گیس بھر گئی، صبح سویرے ناشتے کےلئے خواتین اٹھیں، دیا سلائی جلاتے ہی دھماکہ ہوگیا، اموات جھلسنے اور زخمی ملبے تلے دبنے کی وجہ سے ہوئے،گلی تنگ ہونے کی وجہ مشینری جائے وقوعہ پر پہنچنے میں دشواری ہوئی،مزید حادثات سے بچنے کےلئے علاقے کی گیس ،بجلی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ورثا کے غم میں مکمل شریک ہیں، زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کی جائے،