خیبر پختونخوا میں عوام کے مسائل کاحل ترجیح ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ،وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے اندر مسائل کے پائیدار حل کےلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے ملاقات کی ،صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور گورننس کے امور بھی زیر بحث آئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے اندر ان مسائل کے پائیدار حل کےلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، خیبر پختو نخوا میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کا حل وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

شرکا نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کے پی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ، گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ، صحت، تعلیم، انفرا سٹرکچر اور عوامی فلاح کے حوالے سے صوبائی حکومت کے پاس کوئی واضح پالیسی موجود نہیں، عوامی مسائل کی طرف خیبر پختو نخوا حکومت کی کوئی توجہ نہیں، شہباز شریف نے عوامی نمائندوں پر زور دیا وہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح بنائیں۔

وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں وفاق کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جو پشاور کا دورہ کرکے اور عوامی نمائندوں سے ملکر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے گی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چراہ ڈیم منصوبے کی منظوری دیدی،چراہ ڈیم کی تعمیر پرعملدرآمدمحکمہ آبپاشی پنجاب کرے گا،چراہ ڈیم کو واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ سے ملانے کیلئے 20 کلومیٹرطویل مین پائپ لائن بچھے گی۔

فزیبلٹی کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 55 ارب سے زائد متوقع ہے،راول جھیل کے قریب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگایا جائےگا،منصوبے کی تکمیل سے شہر کو یومیہ 28 ملین گیلن پانی دستیاب ہوگا،راولپنڈی اور اسلام آباد کو 14،14 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔