26نومبر کا حملہ نہ کیا جاتا تو شہباز کی تقریر تیار ،الیکشن کا اعلان ہوناتھا،رانا ثنا

لاہور: (وقائع نگار)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے دعویٰ کیا ہے26 نومبر 2024 کو حملہ نہ کیا جاتا تو شہباز شریف کی تقریر تیار ،الیکشن کا اعلان ہونا تھا۔

خواجہ رفیق شہید کی برسی کے موقع پر ”قومی سلامتی کے تقاضے و پائیدار جمہوری نظام کی ضرورت “ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہاملکی دفاعی تنصیبات پر حملہ بڑا جرم ، لڑائی، جھگڑے ،فساد سے کوئی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی، 9 مئی کو سازش کے تحت جلاو گھیراو کیا گیا،عمران خان سے ملاقاتوں میں فتنہ فساد پھیلانے کی سازش کی جاتی ہے،حکومت نے پی ٹی آئی کو کئی بار مذاکرات کی دعوت دی کیونکہ مسائل کا حل بات چیت ،مکالمے سے ہی ممکن ہے لیکن پی ٹی آئی تصادم کی سیاست پر بضد ہے۔

مشیر وزیراعظم نے کہا عمران خان سے ملاقات کے بعد ہمشیرہ عظمیٰ خانم کی گفتگو کیادرست تھی؟ سیاسی عدم استحکام تب ہوتا جب سیاسی جماعتیں تصادم کا راستہ اختیار کریں، بتایا جائے کون مکالمے کی بجائے تصادم پر بضد ہے؟،عمران خان جب وزیر اعظم بنے تو شہباز شریف نے میثاق معیشت کی بات کی لیکن بانی پی ٹی آئی نے کہا میں تمہیں نہیں چھوڑوں گا تم این آر او مانگتے ہو، شہباز شریف نے 14 اگست کی مرکزی تقریب میں بھی کہا تھا آئیں میثاق استحکام پاکستان کریں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ، عدم استحکام کےساتھ کوئی قوم وملک ترقی نہیں کر سکتا،تنقید کو مثبت انداز میں لینا اور برداشت پیدا کرنی چاہیے۔

سعد رفیق نے کہا عمران خان کی کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں، نوازشریف کو کردار ادا کرنا پڑے گا، نوازشریف سب سے بڑے ہیں، آگے آکر بات کرنا پڑے گی، بات کریں تاکہ مخالفین پر پریشر کم ہو،طاقت کا استعمال ریاست کو آگے لےکر نہیں جاسکتا، پاکستان بنتے ہی فوجی جرنیلوں ،جاگیرداروں کا گٹھ جوڑ بن گیا، پاکستان بنانے والوں کو ملک دشمن، غدار کہا گیا، آئین پامال کرنے والوں کو سلیوٹ مارے گئے،سوچتا ہوں کیا پاکستان کے سب وزیراعظم غدار ، سب جج اور چیف محب وطن تھے، جمہوریت خمیر میں ہے، قوم جمہوریت سے مایوس نہیں ہے ، میں اول و آخر مسلم لیگی ہوں۔

ن لیگی رہنما نے کہا جس دن جیل سے نکلا اسی دن کہا انتقام نہیں لوں گا، میرے حلقے کے 4 ٹکرے کئے گئے، کچھ مہربانی فیض حمید نے کی تھی،ووٹ کی طاقت کو مجروح ہونے سے بچایا جائے،پی ٹی آئی نے پوری ن لیگ کیخلاف ایکشن کیا، جب کسی کو سزا ہوتی ہے مجھے کبھی خوشی نہیں ہوتی، سیاست کو داﺅ پر لگا کر ریاست کو بچایا،پنجاب حکومت تاریخی کام کر رہی ہے، سب کام و محنت کے ثمرات نہیں مل رہے، پنجاب کو گالی بنادیا گیا ،چاہتا ہوں سبق سیکھا جائے، پاکستان کے نام پر اکٹھاہونا چاہیے، لڑائیوں میں پاکستانیوں کا اوور کتنا وقت ضائع ہوگا۔

سعدرفیق نے کہا سیاستدانوں کا کام ہے اپنے آپ کو اہل ثابت کریں ، ملک کیلئے پیپلزپارٹی کو برداشت کیا، لوگوں سے بات کرنا ہوگی، بانی پی ٹی آئی کی اپنی غلطیاں بہت ہیں، 2بارگئے لیکن عمران خان نہیں مانے اگر اپوزیشن میں چلے جاتے تو 9 مئی ہوتا نہ جیل میں ہوتے،پاکستان کو نئے سیاسی معاہدے کی ضرورت ہے ، نیا میثاق جمہوریت چاہیے، سیاست دان بات کریں گے تو توقع ہے اسٹیبلشمنٹ بھی سپورٹ کرے، ہر سطح پر بات کو سنجیدگی سے لیا جائے،میںسمجھتا ہوں سول و ملٹری اسٹیبلشمننٹ عوام کو جمہوریت طشتری پر نہیں رکھ کر دے گی ،جمہوری قیادت ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرے، سیاست بند گلی میں ہے ،سیاست کو بحرانوں سے نکالنا ، قومی ڈائیلاگ کا راستہ نکالنا ہوگا۔

سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا دسمبر کا مہینہ پاکستان کے ٹوٹنے کی یاد دلاتا ہے ،فوج نے بار بار مارشل لا لگایا ،کبھی بغیر مارشل لا لگائے اقتدار سنبھالا ، 78سال ہو گئے ، پاکستان کو پٹڑی پر نہیں چلاسکے ،عام آدمی کو حق نہیںمل سکا جو روکھی سوکھی مل رہی ہے گزارہ کر لیں،سیاستدان ایک دوسرے کو جینے کا حق ،زندہ رہنے دیں،ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں تو جب چاہیں گے ہائبریڈ نظام ختم ہو جائےگا، سیاستدانوںمیں سے ہر ایک کی تمنا ہے ان کے نکاح میں آﺅں ،چاہے نکاح میں نہ رکھیں۔

مجیب الرحمن شامی نے کہا لیاقت بلوچ کہہ رہے ہیں نواز شریف قیادت کریں ، نواز شریف کام کریں تو اچھی بات ہے لیکن آپ خود ہی کر لیں ،فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہوں ،جنگ میںفوجیں آپس میں لڑتیں پھر مذاکرات کی میز پر بیٹھ جاتی ہیں،65اور71کی جنگوں کے بعد کیا معاہدے نہیں ہوئے ، کیا اپنے اندر کوئی معاہدہ نہیںکر سکتے ،لوگوںکو معافی نہیںدے سکتے ،رحم کر دیں ،اپنے معاملات درست کرنے کا موقع دیدیں ، قوموںکو درگزر ، رحم دلی سے بھی کام لینا پڑتاہے ،آخر کب تک تماشے لگاتے رہیں گے،لازم ہے اقتدار کی سیاست سے اوپر اٹھ کر دیکھیں، ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوگا،نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، محسن داوڑ، حامد میر ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔