پاکستان نام نہاد بین الاقوامی امن فورس برائے غزہ کا حصہ نہ بنے،حافظ نعیم الرحمن
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکومت تحریک آزادی فلسطین کو کچلنے کے منصوبہ سے دور رہے ،نام نہاد بین الاقوامی امن فورس برائے غزہ کا حصہ نہ بنے، غزہ سے متعلق امریکہ سے ہونے والے کسی بھی خفیہ معاہدے سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔
انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹس آرگنائزیشز کی سربراہی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا اسرائیل کے مکمل انخلا کے بغیر غزہ میں امن قائم نہیں ہوسکتا، دنیا کے معاملات چند عالمی طاقتوں کے کنٹرول میں ہیں اور اقوام متحدہ ان کے ہاتھوں میں محض کھلونا بن چکی ہے، پوری دنیا بحران کا شکار، لوگوں کو انصاف میسر نہیں، دو تین فیصد لوگوں نے پوری دنیا کی آبادی کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے کٹھ پتلی بن چکے ہیں، موجودہ حالات میں نوجوان نسل اور خصوصی طور پر اسلامی دنیا کے نوجوان ہی انسانیت کی قیادت کرسکتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا جماعت اسلامی عالمی ویژن رکھتی ہے ، جماعت اسلامی کے حال ہی میں ہونے والے اجتماع عام میں دنیا بھر سے اسلامی تحریکوں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجتماع عام میں پاکستان، اسلامی دنیا اور عالمی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور لائحہ عمل مرتب کیا گیا،سب کو مل کر دنیا میں انصاف کے قیام کی جدوجہد کرنا ہے، اسلامی نظام کے قیام سے ہی دنیا میں عدل قائم ہوسکتا، امریکہ زوال کی جانب گامزن ، طاقت اس کے ہاتھوں سے پھسل رہی، مغرب کی تہذیب بھی زوال کا شکار ہے۔
















