موجودہ لاہور چیمبر قیادت مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہے: کاشف انور

لاہور(نعےم جاوےد) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس عام کے بعد ان دنوں شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے جہاں تاجروں کے ایک بڑے حلقے نے چیمبر کی موجودہ پالیسیوں پر کھل کر عدم اعتماد اور اختلاف کا اظہار شروع کر دیا ہے۔ چیمبر کے اندرونی ذرائع کے مطابق مختلف اجلاسوں، غیر رسمی ملاقاتوں اور تاجر برادری کے حلقوں میں اس بات پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے کہ موجودہ قیادت تاجر برادری کے اصل مسائل اجاگر کرنے اور موثر انداز میں حکومتی فورمز پر پیش کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔اس صورتحال مےں روز نامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر لاہور چیمبر کاشف انور کا کہنا ہے کہ لاہور چیمبر ہمیشہ سے تاجروں کی طاقتور آواز رہا ہے، تاہم حالیہ عرصے میں چیمبر کی پالیسیوں میں توازن اور مشاورت کا فقدان واضح طور پر محسوس کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق چیمبر کو کسی ایک گروہ یا چند افراد کی سوچ تک محدود کرنے کے بجائے تمام سیکٹرز کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ ٹیکس پالیسیوں، بجلی و گیس کے نرخوں، درآمدی پابندیوں اور ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل پر جس مضبوط موقف کی ضرورت تھی، وہ نظر نہیں آ رہا، جس سے تاجر برادری میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ امجد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس کوئی سیاسی پلیٹ فارم نہیں بلکہ تاجروں کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کا ادارہ ہے، مگر بدقسمتی سے فیصلے مشاورت کے بغیر کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پالیسی سازی میں عام تاجروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کی رائے کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث چیمبر اور اس کے ممبران کے درمیان خلیج پیدا ہو رہی ہے۔میاں سہیل نثار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں چیمبر کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے، لیکن چیمبر انتظامیہ حکومتی پالیسیوں پر موثر دباو ڈالنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق تاجر برادری مہنگی توانائی، بلند شرح سود اور ٹیکس کے پیچیدہ نظام سے شدید متاثر ہے، مگر چیمبر کی جانب سے واضح اور جارحانہ حکمت عملی سامنے نہیں آ رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیمبر فوری طور پر ایک آل پارٹیز تاجر کانفرنس بلائے تاکہ مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔راجہ وسیم حسن نے کہا کہ لاہور چیمبر کی ساکھ اس کی غیر جانبداری اور مضبوط موقف کی وجہ سے بنی تھی، مگر آج صورتحال یہ ہے کہ کئی اہم فیصلے بند کمروں میں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر چیمبر نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو اس کا نقصان براہِ راست تاجر برادری کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان محاذ آرائی نہیں چاہتے بلکہ اصلاح اور شفافیت کے خواہاں ہیں۔ناصر حمید خان نے اس موقع پر کہا کہ تاجر برادری میں بڑھتا ہوا اضطراب اس بات کا ثبوت ہے کہ چیمبر اور ممبران کے درمیان رابطہ کمزور ہو چکا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ چیمبر کی سطح پر مستقل مشاورتی کمیٹیاں قائم کی جائیں جو مختلف سیکٹرز کی نمائندگی کریں اور ان کی سفارشات کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔تاجر حلقوں کے مطابق اگرچہ چیمبر انتظامیہ کی جانب سے تنقید کو اختلافِ رائے قرار دیا جا رہا ہے، تاہم زمینی حقائق اس سے مختلف ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو یہ اختلافات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں، جس کا اثر نہ صرف لاہور چیمبر بلکہ مجموعی تاجر برادری کی نمائندگی پر بھی پڑیگا۔