ملک نواز نے ہوٹل انڈسٹری میں معیار اور جدت کی روایت قائم کی :آصف خان
لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن جوہر ٹاون زون کے صدر ملک نواز کے نئے ہوٹل گولڈ میکس کی افتتاحی تقریب شاندار اور پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین آصف خان اور صدر گلریز خٹک نے ربن کاٹ کر ہوٹل کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداران، زونل صدور اور بڑی تعداد میں ممبران نے شرکت کی۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری منیر گیلانی، سینئر نائب صدر چوہدری خضر امین، نائب صدر چوہدری فاروق، نائب صدر حاجی مشتاق اعوان، ریلوے سٹیشن زون کے صدر چوہدری خالد معراج، ڈپٹی سیکرٹری جنرل افریز شاہین سمیت مختلف زونز کے صدور اور ممبران موجود تھے۔ شرکاءنے ہوٹل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جدید سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین آصف خان نے کہا کہ وہ ملک نواز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ملک نواز نہ صرف ایک متحرک اور فعال ممبر ہیں بلکہ انہوں نے ہوٹل انڈسٹری میں معیار، نظم و ضبط اور جدت کی ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ممبران ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں، جب ہمارے ممبران ترقی کرتے ہیں تو دراصل پوری ایسوسی ایشن مضبوط ہوتی ہے۔ ملک نواز جیسے لوگ ہمارے بازو ہیں جو انڈسٹری کو آگے لے جانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ گولڈ میکس ہوٹل اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر وژن واضح ہو تو مقامی سطح پر بھی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر گلریز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک نواز نے ہوٹل گولڈ میکس میں جس معیار کا انتخاب کیا ہے وہ کسی بھی فور یا فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل کا سٹیٹ آف دی آرٹ فرنیچر، جدید فکسچر، خوبصورت انٹیریئر اور مہمانوں کے آرام کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ماحول ملک نواز کے بہترین وڑن اور پیشہ ورانہ سوچ کا مظہر ہے۔ گلریز خٹک کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہماری ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ایسے منصوبے سامنے آ رہے ہیں جو لاہور کی ہوٹل انڈسٹری کا مثبت چہرہ اجاگر کرتے ہیں اور سیاحت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوٹل گولڈ میکس کے مالک اور جوہر ٹاون زون کے صدر ملک نواز نے تمام معزز مہمانوں، عہدیداران اور ممبران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرکاءکی آمد ان کیلئے باعث اعزاز ہے اور ایسوسی ایشن کی قیادت کی حوصلہ افزائی ہی ان کی اصل طاقت ہے۔ ملک نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گولڈ میکس ہوٹل میں مہمانوں کو معیاری سروس، بہترین سہولیات اور مثالی مہمان نوازی فراہم کی جائیگی۔ آخر میں شرکاءنے ہوٹل کے اعلیٰ معیار کو سراہا، ہوٹل کی کامیابی کیلئے دعا کی اور تقریب کے اختتام پر شرکاءکے اعزاز میںپرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
















